استور، ڈپٹی کمشنر استور محمد ذوالقرنین خان کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس

بدھ 8 دسمبر 2021 13:47

استور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر استور محمد ذوالقرنین خان کی زیر صدارت امن کمیٹی استور اور محکمہ جات کے سربراہان کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کوارڈینیٹر براۓ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیع اللہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ ڈپٹی کمشنر استور محمد ذوالقرنین خان نے کہا کہ امن کمیٹی استور کا قیام امن کے حوالے سے ایک کلیدی کردار رہا ہے۔

امن کمیٹی نے نازک مراحل میں بھی انتظامیہ کے بازو بن کر علاقے میں قیام امن اور بھاٸی چارگی کی فضا کو قاٸم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اور ہمیں امید ہےکہ مستقبل میں بھی امن کمیٹی پہلے سے بڑھ کر قیام امن اور علاقے میں بھاٸی چارگی کی فضا کے قیام کے لیے بڑھ چڑھ کر کام کریں گے تاکہ ہمارا علاقہ ترقی کرۓ گا اور یہاں کے باشندوں کی زندگیوں میں ایک انقلاب آۓ گا اور لوگ خوشحال زندگی گزاریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اراکین امن کمیٹی نے جہاں قیام امن کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے وہی علاقے کا تشخص برقرار رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اور ساتھ میں علاقے کی ترقی میں بھی روز اول سے اہم کردار ادا کیا ہے اور انتظامی طور پر کمی کوتاہیوں کی نشاندہی کے ساتھ بہتر اور قابل عمل تجاویز بھی پیش کرتے ہیں جس سے کافی مدد ملتی ہے اور محکمہ جات ان پر عمل کرکے علاقہ اور لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر استور نے امن کمیٹی کی سفارش پر محکمہ برقیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کے حوالے سے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے اور ان ٹیموں کی معاونت کے لیے مجسٹریٹ اور پولیس دستیاب ہونگے۔ چھاپہ مار ٹیمیں گھروں اور دفاتر میں بجلی زیادہ صرف کرنے والے برقی آلات کو اپنے قبضے میں لیکر تلف کرینگے۔اس موقع پر اراکین امن کمیٹی نے اب تک ڈپٹی کمشنر استور کی جانب سے اٹھاۓ جانے والے اقدامات پر اطمنان کا اظہار کیا اور بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں