نوجوان اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کی بدولت خوشحال مستقبل کی بنیادہے،ڈاکٹرکاظم نیاز

جمعہ 13 اپریل 2018 16:07

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2018ء)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے نوجوانوں کو ایک خوشحال مستقبل کی نوید سناتے ہوئے انہیں بہترین صلاحیتوں کا حامل قرار دیاہے۔انھوں نے گلگت بلتستان کے نوجوان طبقہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں مصمم یقین ہے کہ وہ ملک کو ترقی کے اونچے زینوں تک پہنچا سکتے ہیں۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں سی پیک نوجوان اور کاروبار کے مواقع کے عنوان سے تین روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آیا ہے کہ سی پیک سے ملنے والی روزگار کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے تیاری کی جائے۔

ڈاکٹر کاظم نیاز نے مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے صلاحیتوں کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ ہم مستقبل کے چیلجز کا سامنا کس طرح کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ گلگت بلتستان آئندہ آنے والے دنوں میں کوئی قومی مارکیٹ نہیں بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ ہوگی اور اس تناظر میں حالات کا مقابلہ کرنے کی تیاری کی جائے۔

چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو مل کر کام کرنا ہوگااور جب تک نوجوان ہنر مند نہیں ہونگے مستقبل کے مواقوں سے فوائد حاصل نہیں کئے جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ مایوسی کا خاتمہ کرکے عہد کرنا ہوگا کہ مستقبل کے مواقعوں سے بھر پور فائدہ کیا جائے۔چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے حکومت کے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کے آئی یو کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ بامقصد روابط قائم کریں۔

انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر مثبت تجویز کا خیر مقدم کرینگے اور وہ ہر وقت انہیں اپنے ساتھ پائینگے۔انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے ہر تجویز کو عملی جامع پہنانے کیلئے وہ ہر وقت تیار ہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ 50ہزار کنال غیر آباد زمین کوآباد کیا جارہا ہے جبکہ بہت جلد دو کولڈ سٹوریج گلگت بلتستان میں بنائے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار زراعت ،حیوانات اور ماھی پروری کے محکموں کی پالیسی کیبنیٹ سے منظو ر کروائی گئی جبکہ محکمہ جنگلات کی پالیسی بھی بنائی جا چکی ھیں۔انہوں نے نوجوانوں کو عصری دور کے تمام تقاضوں کے عین مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی نصحیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے اور ملک کے مستقبل ہیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں