گلگت بلتستان میں پاک فوج مثبت سرگرمیوں میں اپنا کرداراداکرتی رہے گی‘ میجر جنرل ثاقب محمود ملک

پیر 16 اپریل 2018 19:36

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے اضلاع میں سبز ہلالی پرچم اس بات کی علامت ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن ہیں اور یہاں کے لوگوں کے آپس میں اتحادو اتفاق ہے۔ ضلع نگر میں والی بال ٹورنامنٹ کے زریعے اس اتحاد و اتفاق کی خوبصورتی کو ظاہر کردیا گیا جس پر ضلعی انتظامیہ نگر اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

گلگت بلتستان والی بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی دفاع کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہانے کے لئے تیار ہے گلگت بلتستان کی سرزمین خصوصاً نگر کی سرزمین خوبصورت ترین اور پیار و محبت کی سرزمین ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج یہاں پر ہر مثبت سرگرمی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ گلگت بلتستان میں پاک فوج اور انتظامیہ کے کردار کی وجہ سے امن قائم ہوا ہے اور اسی امن کی بدولت گلگت بلتستان دنیا کے سامنے ابھر کر آگیا ہے گلگت بلتستان میں سیاحت کا شعبہ حوصلہ افزاء ہے اور آئے روز سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو اس علاقے کے حوالے سے خوبصورت پیغام لیکر دنیا بھر میں جاتے ہیں جو کہ ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ نگر کی سرزمین کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے مجھے فخر اور خوشی ہے کہ آج یہاں پر مہمان کے طور پر بلایا گیا ہے۔ مثبت سرگرمیاں صحت مند معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں ہماری کاوش ہے کہ مثبت سرگرمیوں کے زریعے معاشرے میں صحت مند اقدامات شروع ہوجائے اسی کو سامنے رکھ کر ہم نے سرفرنگہ کار جیپ ریلی سے لیکر گلگت بلتستان والی بال ٹورنامنٹ نگر تک کو منعقد کرایا ہے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں