گلگت بلتستان ،ْشہید پولیس اہلکاروں کیلئے ستارہ جرات کی سفارش

شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کیلئے خصوصی پیکیج تیار کررہی ہے ،ْ تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی ،ْ مشیر اطلاعات

اتوار 12 اگست 2018 20:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) گلگت بلتستان کی حکومت نے حالیہ واقعات میں دہشت گردوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو ستارہ جرات دلانے کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت میں مشیر اطلاعات شمس میر نے کہا کہ علاقے میں دہشتگردی کی تازہ لہر میں پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جس بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے اس پرصوبائی حکومت ان شہدا کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ جرات دینے کی سفارشات فوری طور پر وفاق کو ارسال کریگی۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کیلئے ایک خصوصی پیکیج تیار کررہی ہے جس کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔شمس میر کے مطابق گلگت بلتستان پولیس نے جو کردار ادا کیا اس کی مثال ملک کی تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔خیال رہے کہ 11 اگست کو گلگت سے 40 کلومیٹر دور گارگاہ نالہ میں جوت کے مقام پر پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں