حکومت کا ایک اور نئے ائیرپورٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا دیامر ڈیم کی تعمیر کیلئے چلاس ایئرپورٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ ،جائزہ ٹیم چلاس پہنچ گئی

بدھ 3 اکتوبر 2018 21:09

حکومت کا ایک اور نئے ائیرپورٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2018ء) وفاقی حکومت نے دیامر ڈیم کی تعمیر کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے چلاس ایئرپورٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی، واپڈ اور ایئرفورس کی 9رکنی ٹیم چلاس پہنچ گئی ہے جو ایئرپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ تیار کریگی، واپڈا ذرائع کے مطابق ماہرین کی یہ ٹیم ایک ہفتے کے اندر رپورٹ تیار کریگی، اس دوران گلگت بلتستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریگی، اس سے پہلے چیئرمین واپڈا نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والا اہم منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے ملک کو 45 سو میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے تحت ملک میں ڈیموں کی تعمیر پر فوری کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان میں دیامر ڈیم اولین ترجیح ہے، چیئرمین واپڈا کے خط میں کہا گیا تھا کہ چلاس میں ایک پرانا ایئرپورٹ ہے جو اس وقت غیر فعال ہے اور یہ سول ایویشی ایشن اتھارٹی کی ملکیت ہے، ڈیم کی تعمیر کے پیش نظر اس ایئرپورٹ کو فعال بنانا ضروری ہے کیونکہ تعمیراتی سامان اور مشینری پہنچانے کیلئے ایئرپورٹ کو استعمال کیا جاسکتا ہے، اس خط کے بعد سول ایوی ایشن، واپڈا اور ایئرفورس کی حکومتی ٹیم چلاس پہنچ گئی ہے اور انہوں نے ایئرپورٹ کو فعال بنانے کیلئے فزیبلٹی کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے، ذرائع کے مطابق ڈیم کی تعمیر کیلئے چلاس ایئرپورٹ کو فعال بنانا بہت ضروری ہے، بھاری مشینری سمیت تعمیراتی سامان کی ترسیل اور ملکی وغیر ملکی انجینئرز کی آمدورفت کیلئے ایئرپورٹ کو فنکشنل کیا جائے گا، ڈیم کی تعمیر کے دوران ماہرین کی ٹیمیں، انجینئرز اور اعلیٰ حکام کی آمدورفت بڑھ جائے گی اور ساتھ ہی کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری امداد، فوری فلائٹ کے ذریعے ممکن ہے جس کیلئے چلاس ایئرپورٹ کو بحال کرنا ضروری ہے، ذرائع کے مطابق فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہونے کے فوری بعد ایئرپورٹ پر کام شروع کردیا جائیگا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں