گلگت بلتستان ،ْ شدید برفباری میںپھنسے افراد کو فوجی ہیلی کاپٹرز نے ریسکیو کرلیا

دیوسائی میں شدید برفباری کے باعث تین روز سے پھنسے ہوئے غیرملکی خاتون سمیت سیاحوں اور وائلڈ لائف کے اہل کاربھی ریسکیو

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:31

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) گلگت بلتستان کے علاقے بہسل ، گیٹی داس اور بابو سر ٹاپ میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، شدید برف باری کے باعث پھنسے تمام افراد کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچادیا ،ْ دیوسائی میں شدید برفباری کے باعث تین روز سے پھنسے ہوئے ایک غیرملکی خاتون سمیت سیاحوں اور وائلڈ لائف کے اہل کاروں کو پاک فوج کی مدد سے ریسکیو کرلیا گیا ہے تاہم برف باری کے باعث بند رابطہ سڑکیں تین دن بعد بھی نہیں کھولی جاسکیں۔

اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں شدید برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔شدید برف باری کے باعث بہسل ، گیٹی داس اور بابو سر ٹاپ میں افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں پاک فوج کے 2 ہیلی کاپٹروں اور میڈیکل ٹیم نے حصہ لیا۔ہیلی کاپٹروں کے ذریعے 6 خواتین اور 7 بچوں سمیت 14 افراد کو چترال اور 12 کان کنوں کو ناران بحفاظت پہنچادیا گیا۔

اس کے علاوہ بہسل کے قریب محفوظ مقام پر موجود 20 لوگوں تک کمبل اور خوراک کے پیکٹ بھی پہنچادئیے گئے۔برف باری کے باعث بابو سر ، ناران، استور اور دیوسائی سمیت دیگر رابطہ سڑکیں بند ہیں جنہیں کھولنے کے لیے انتظامیہ اور این ایچ اے کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان کے مطابق اگر موسم صاف رہا تو بہسل اور جھیل لولو سر تک سڑک جلد کھول دی جائیگی ادھر اسکردوکے بلند ترین تفریحی مقام دیوسائی میں شدید برفباری کے باعث تین روز سے پھنسے ہوئے سیاحوں اور وائلڈ لائف کے اہل کاروں کو پاک فوج کی مدد سے ریسکیو کرلیا گیا ۔

فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے دیوسائی میں پھنسے ہوئے لوگوں سے ملاقات کی۔ تمام افراد کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اسکردو لایا جائیگا ،ْ گلگت بلتستان حکومت نے ریسکیو آپریشن کیلئے پاک فوج کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں