گلگت بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیدارون کی تقریب حلف برداری

جمعہ 19 اپریل 2019 14:51

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) چیف جسٹس چیف کورٹ جسٹس وزیر شکیل احمد نے گلگت بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر کامران، جنرل سیکرٹری عتیق الرحمان سمیت دیگر عہدیداروں سے حلف لے لیا۔حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس وزیر شکیل نے کہا کہ چیف کورٹ عوام کو گھر کی دہلیز پر سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

جس کی تکمیل کے لئے وکلاء کا کلیدی کردار ہے۔ قانون کی حکمرانی عدل وانصاف کی فراہمی کیلئے بار اور بینچ کو ملکر جدوجہد کرناہوتی ہے۔ وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں کیونکہ بار کی مضبوطی سے وکیل بہترین قانون دان بن کر قانون کی بالادستی اور معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے لئے عملی بنیادوں پر کام کرتا ہے اور انصاف کی فراہمی کے لئے بھی عدالتوں کی قانونی معاونت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا ہے کہ بار کی فلاح وبہبود کے لئے ماضی اور موجودہ صوبائی حکومت کا کردار قابل ذکر ہے جنہوں نے بار کی عمارتوں کی تعمیر کے لیے فنڈز کو یقینی بنایا۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے بارز میں لائبریری کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے متعلقہ اداروں سے بات کروں گاتاکہ جدید اور اپ ڈیٹ کتابیں لائی جائیں اور وکلائ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

تقریب سے وائس چیئرمین گلگت بلتستان بار کونسل لطیف شاہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بار کی عمارتوں پر کام حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث سست روی کا شکار ہے جسکی وجہ سے وکلائ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ چیف جسٹس نوٹس لیکر فوراًً منصوبوں کی تکمیل کے لیے حکومت کو احکامات جاری کریں۔ تمام اضلاع کے سول سیشن کورٹس میں واش رومز اور پارکنگ کا ایشو ہے اس کے لیے فوراً احکامات درکار ہیں۔

اس موقع پر نو منتخب صدر کامران ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بار اور عدالتی احاطہ میں حکومتی عدم دلچسپی کے باعث گردغبار اور کچرے سے وکلاء اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، چیف جسٹس نوٹس لیکر فوراً مسئلہ کے حل کے لئے احکامات جاری کریں۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں