جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس،

سیاسی و دینی جماعتوںکا گلگت بلتستان کے لئے کشمیر طرز کے سیٹ اپ کا مطالبہ

پیر 27 مئی 2019 14:31

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس میں سیاسی و دینی جماعتوں کی اکثریتی رائے نے گلگت بلتستان کے لئے کشمیر طرز کے سیٹ اپ کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال پر منعقدہ کانفرنس میں سیاسی و دینی جماعتوں کے قائدین اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا گیا جس میں وفاقی اور گلگت بلتستان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خطہ کو اس کیفیت سے نکال کر یہاں کے عوام اور نو جوانوں میں پائے جانے والی بے چینی کا سد باب کیا جائے گزشتہ ادوار میں دیئے گئے آرڈرز گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا متبادل نہیں ہو سکتے اور گلگت بلتستان کے عوام اب مکمل آئینی تحفظ کے تحت نظام چاہتے ہیں اس سے کم کسی بھی طرز کے نظام کو قبول نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح فیصلہ کے بعد وفاقی حکومت کو آئینی حقوق کی فراہمی میں کسی بھی قسم کیتاخیر سے کام نہیں لینا چاہیے اجلاس میں یہ بھی مطالبہ بھی کیا گیا کہ مذکورہ آئینی سیٹ اپ کا فوری اعلان کیا جائے اور نفاذ کے بعد تمام سابقہ غیر آئینی اور خلاف ضابطہ اقدامات کالعدم قرار دیئے جائیں۔ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کیپٹن (ر) شفیع خان نے کہا کہ ہماری جماعت کا موقف ہے کہ گلگت بلتستان کو مکمل آئینی صوبہ بنایا جائے، اگر یہ ممکن نہیں ہے تو متنازعہ حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے مقبو ضہ کشمیر طرز پر تمام اختیارات دئیے جائیں یا پھر کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے بغیر گلگت بلتستان کو کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو فوری طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے عین مطابق حقوق فراہم کئے جائیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر وفاقی حکومت عملدرآمد کو یقینی بنائیں انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستا ن سے متعلق سپریم کورٹ نے جوبھی فیصلہ دیا ہے وہ عوام کے مفاد میں ہے ۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے سابق ممبرحمایت اللہ خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام حقوق کے لئے ایک ہوجائیں اور حلف نامہ دیکر حقوق کی جدوجہد میں شامل ہونے کی ضرورت ہے،پیپلزپارٹی کے اسلم ایڈوکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے لئے سب جماعتوں کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے ایک کمیٹی تشکیل دے کر حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا سلطان رئیس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر گلگت بلتستان کا مسئلہ حل ہونا ممکن نہیں ہے گلگت بلتستان اسمبلی کو کشمیر اسمبلی کی طرز پر ایکٹ بنانے کی منظوری دی جائے اور اس ایکٹ کو وفاقی سطح پر قابل قبول بنایاجائے اس کی بنیاد پر گلگت بلتستان اور کشمیر کے ساتھ روابط کو سامنے رکھتے ہوئے گلگت بلتستان اور کشمیر کی جوائٹ کونسل تشکیل دی جائے۔

،کانفرنس میں ایم ڈبلیوایم کے رہنما غلام عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ حالیہ دنوں سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے سے گلگت بلتستان کے عوام کوفوری طور پرآگاہ کریں اور آل پارٹیز کانفرنس بلاکر تمام جماعتوںکو اعتماد میں لیںکل جماعتی کانفرنس میں جماعت اسلامی کے امیر مشتاق احمد ایڈو کیٹ نے کہا کہ کانفرنس میں متفقہ طور پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جن پر تمام جماعتیں متحد و متفق ہیں جماعت اسلامی کی آل پارٹیز کانفرنس میں گلگت بلتستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کا کوئی نمائندہ وفد شریک نہیں ہوا۔جبکہ جمعیت علماء اسلام،جے کے ایل ایف،سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوئیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں