گلگت،ہماری حکومت نے میرٹ پر این ٹی ایس کے ذریعے تقرریاں کیں قابل لوگوں کو اساتذہ بھرتی کیا ،وزیر منصوبہ بندی اقبال حسن

جمعہ 19 جولائی 2019 18:26

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) صوبائی وزیر برائے ترقیات و منصوبہ بندی اقبال حسن نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم میں پہلے کیاحال تھا اور اب کیا حال ہے سب کے سامنے ہے ماضی میں نااہل لوگوں کو اساتذہ بھرتی کر کے ہماری قوم کوتباہ کر نے کا منصوبہ بنایا گیا مگر ہماری حکومت نے میرٹ پر تقرریاں کیں قابل لوگوں کو اساتذہ بھرتی کیا تقرریاں این ٹی ایس کے ذریعے کی گئیں کوئی پرچی نہیں چلی میرٹ کا ہر لحاظ سے خیال رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائیر سکینڈری سکول کشمراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ سکردو روڈ کا منصوبہ 50ارب روپے میں مکمل ہو رہا ہے روڈ کی تعمیر کے بعد بلتستان معاشی حب بنے گا یہاں تعمیر وترقی کی نئی راہیں کھلیں گی سکردو روڈ کی تعمیر کیلئے سپیکر حاجی فدا ناشاد اور سینئر وزیر حاجی اکبر تابان کی قیادت میں بلتستان کے تمام منتخب نمائندوں نے جدو جہد کی بالآخر ہم اپنی جد وجہد میں کامیاب ہوگئے سکردو روڈ جیسے منصوبے کو ممکن بنا دیا حالانکہ یہ منصوبہ بننا بہت ہی مشکل کام تھا ہم نے ناممکن کو ممکن بنا دیا انہوں نے کہا کہ ہمیں روایتی تعلیم سے ہٹ کر فنی تعلیم پر توجہ دینا ہوگی جب تک فنی علوم سے آراستہ نہیں ہونگے تب تک معاشرے کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جاسکے گا ہم نے دور حاضر کے چیلنجوں کو سامنے رکھتے ہوئے فنی تعلیم کیلئے بڑا منصوبہ شروع کیا انہوں نے کہاکہ سکردو شہر ہم سب کا چہرہ ہے اس کی تعمیر وترقی کیلئے سب کو ملکر کوشش کرنی چاہئے میں نے اپنی اے ڈی پی سے ا س شہر کی تعمیر وترقی اور تعلیم کے فروغ کیلئے ساڑھے 3کروڑ روپے فراہم کئے ہیں گو کہ کسی نے پیسوں کی فراہمی کا مطالبہ نہیں کیا تھا مگر میں نے خود یہ ضرورت محسوس کی کہ سکردو شہر کی تعمیر وترقی کیلئے مجھے اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہئے انہوں نے کہاکہ سکردو شہر میں بلتستان کی 50فیصد آبادی کا بوجھ اٹھا رکھا ہے میں نے اس شہر کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا حصہ ڈالا ہے دیگر اراکین اسمبلی بھی اپنا حصہ ڈالیں اسمبلی میں ہمیشہ کھرمنگ سے زیادہ سکردو کے حقوق کی بات کی آئندہ بھی کروں گا جب میں سکردو کے حقوق کی زیادہ بات کی تو ایک دفعہ وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے مجھ سے سوال کیا کہ کیا آپ سکردو کے نمائندے ہیں تو میں نے جواب دیا کہ میں نمائندہ کھرمنگ کا ہوں مگر میرا دل سکردو کے ساتھ دھڑکتا ہے انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائیر سکینڈری سکول کیلئے میں نے 2کروڑ روپے فراہم کئے ہیں اگر چار کروڑ روپے کا مطالبہ کیا جاتا تو میں چار کروڑ روپے فراہم کرتا کیونکہ ماڈل سکول میں تمام بلتستان کی بچیاں پڑھتی ہیں انہوں نے کہاکہ گمبہ سکردو میں گرلز ڈگری کالج کاقیام عمل میں لایا جارہاہے اس مقصد کیلئے فنڈز بھی مختص کئے ہیں میں مزدور باپ کا بیٹا ہوں جس مقام پر کھڑا ہوں تعلیم کی وجہ سے ہوں تعلیم کی ترقی کیلئے مجھ سے جو بھی ہو سکتا ہے کروں گا ہم نے کبھی ذاتی مفادات کیلئے کام نہیں کیا بڑی اصلا حات لائی ہیں جن کے نتائج سامنے آرہے ہیں ڈائریکٹر تعلیم بلتستان ریجن سیدنبی شاہ نے کہاہے کہ تعلیم کی ترقی کیلئے منتخب نمائندوں نے ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی ہے تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ کا 30فیصد تعلیم کیلئے مختص کیا گیا جو حکومت کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے گرلز ماڈل ہائیر سکینڈری سکول کشمراہ میں مزید پانچ کمروں کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے 70لاکھ سے 1کروڑ روپے تک کے فنڈز درکار ہیںانہوں نے کہاکہ ہم معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں اگر ہم معیاری تعلیم کو فروغ نہ دے سکے تو اللہ کے سامنے جواب دہ ہونگے مسجدوں اور سکولوں کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا ورنہ مسائل پیدا ہونگے تقریب سے سکول کی منجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین ذیشان مہدی ،سکول کی پرنسپل بلقیس خالدہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا طالبات نے رنگاہ رنگ پروگرامز پیش کئے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں