لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عوامی تعاون کی ضرورت،گلگت کے صرف5 ہزار صارفین بل ادا کررہے ہیں،ایگزیکٹو انجینئربرقیات

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 13:52

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) ایگزیکٹو انجینئر محکمہ برقیات گلگت تاجدار حسین نے ضلعے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیاہے،ان کا کہنا تھا کہموسم سرما کی آمد سے پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی اور ساتھ ہی بجلی کی پیداواری صلاحیت بھی کم ہورہی ہے،گلگت شہر کے 40 ہزار سے زائد صارفین میں سے صرف5 ہزار صارفین بل ادا کررہے ہیں جوکہ بہت بڑا المیہ ہے،اگر یہی صورتحال رہی تو بجلی کے ترسیل میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گلگت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گلگت شہر میں بجلی کی چوری روکنے کیلئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب ضروری ہے جس کیلئے 60 سے 70 کروڑ روپے درکار ہیں،صرف سرکاری اداروں کے ذمے محکمے کے 24 کروڈ سے زائد کے بل واجب الادا ہیں اس کے علاوہ دیگر صارفین نے بھی کروڑوں روپے ادا کرنے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بلوں کی ادائیگی کے لیے لوگ تعاون نہیں کررہے ،آئندہ بلوں کی عدم ادائیگی پر ایف آئی آرز درج کرائیں گے اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

تاجدار حسین نے کہاکہ ضلع گلگت میں 65 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے لیکن موجودہ پیداوار تھرمل بجلی سمیت 45 میگاواٹ ہے،اس طرح کم سے کم 20 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے جبکہ موسم سرما میں یہ پیداوار کم ہوکر 32 میگاواٹ ہوجاتی ہے جس سے شارٹ فال 33 میگاواٹ تک پہنچ جا تا ہے،محکمے کو سردیوں میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تھرمل جنریٹرز کیلئے بھاری اخراجات اٹھانے پڑرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی گلگت بلتستان کی ہدایت پر محکمہ برقیات مختصر اور طویل مدتی پن بجلی منصوبوں پر کام کررہا ہے جن میں 4.5 میگاواٹ بجلی سے سٹم میں شامل کی جارہی ہیجبکہ 13.5 میگاواٹ کے منصوبے جون 2021ء تک مکمل ہوں گے جن سے بجلی کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں کہاکہ لوڈشیڈنگ کے مستقل خاتمے کیلئے 100 میگاواٹ کے آئی یو،20 میگاواٹ ہنزل اور 15 میگاواٹ سکارکوئی کے منصوبے زیر غور ہیں جن کیلئے وفاق سے فنڈز کی ضرورت ہے،ان منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان بھر میں بجلی کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔

ایگزیکٹو انجینئر نے کہاکہ موجودہ بجلی کی پیداوار سے ترسیل کو ممکن بنانے کیلئے پری پیڈ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ بجلی کے غیر ضروری استعمال کو روکا جاسکے اور مکمل ریکوری ہوسکے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں