گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے نام پر وزیر اعلی نے صرف اپنوں کو نوازا ہے، فتح اللہ خان

جمعہ 6 دسمبر 2019 14:31

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے جنرل سیکریٹری فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے نام پر وزیر اعلی نے صرف اپنوں کو نوازا ہے جو بھی کام ہوا ہے وہ اپنوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا گیا ہے اسی کے ساتھ گندم کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

گلگت میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی سڑکیں کالی کرنے سے نہیں بلکہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بے روزگاری کے خاتمے سے ہوگی۔ابھی تک بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہی ہوا ہے،اس میں کمی نہیں ہوئی، نوکریوں میں بھی اپنوں کو نوازا گیا ہے ،غریبوں کو دیوار سے لگایا گیا ہے، سفارش کلچر کو فروغ دیا گیا اور ایسا کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے جس سے بے روزگاری میں کمی آسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اس کے خاتمے کے لئے کوئی بھی کام نہیں کیا گیا بلکہ جو منصوبے تھے ان کو سرخ فیتے کے نذر کیا گیا اور اب تمام نزلہ دوسروں پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کے لئے جہاں بھی جاتے ہیں جس پروگرام میں جاتے ہیں وہاں ایک ہی کیسٹ چلتی ہے اور اب لوگ ایک ہی کیسٹ کی تقریر سن سن کر بیزارہوگئے ہیں ،عوام ملک کی طرح گلگت بلتستان میں بھی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں ،میرٹ کی بالادستی کرپشن سے پاک معاشرہ چاہتے ہیں جس کی واضح مثال لوگوں کا جوق در جوق پی ٹی آئی کا حصہ بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کم سے کم جھوٹ نہیں بولینگے وہی کام کرینگے جو عوام کے مفاد میں ہوگا اور وہی کام ہوگا جو ہم سے ممکن ہوگا ہم عوامی اجتماعی مفاد کو لیکر کام کرینگے ۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں