چین میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی ڈاکٹر رٖضاکارانہ طور پرکورونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں میں پیش پیش

منگل 18 فروری 2020 15:15

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حماد عبدالظاہر اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر سمیہ حسینی نے چین میں کورونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول کی کوششوں میں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینا شروع کر دیں، جن کا چینی میڈیا میں خوب چرچا ہے اور ان کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی جو دونوں ڈاکٹر ہیں کورونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں میں پیش پیش ہیں۔

دونوں چین کے شہر وینجو میں رہتے ہیں جہاں ایک میڈیکل سنٹر میں ڈاکٹر ہیں۔ ڈاکٹر حماد کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا وجہ تھی کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر کورونا وائرس کے خلاف خود کو پیش کر دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حماد کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے کئی وجوہات ہیں، پہلی بات تو یہ ہے کہ بطور ڈاکٹر انسانیت کی خدمت کرنا ہمارا فرض ہے۔دوسری وجہ یہ تھی کہ ہم نے پچھلے دس سال چین میں گزارے، ہم نے یہی سے تعلیم حاصل کی، میں اور میری اہلیہ نے چین سے ہی ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور ٹریننگ بھی کی، اس لیے ہم چین کو اپنا دوسرا گھر مانتے ہیں۔

تیسری بات یہ ہے کہ چین ہمارا بہت اچھا دوست ہے، ہر مشکل گھڑی میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اس لیے ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم مشکل گھڑی میں اپنے دوست ملک چین کے ساتھ کھڑے ہوں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں