استور، موضع / دیہی شماری قومی مہم، کامیاب بنانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کارلائیں گے، ڈپٹی کمشنر

منگل 25 فروری 2020 13:55

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر استور عظیم اللہ کی زیر صدارت موضع/دیہی شماری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر استور شیر افضل، اسسٹنٹ کمشنر عملدرآمد شفقت علی، متعلقہ محکموں کے سربراہان اور متعلقہ حلقے کے پٹوری موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استور عظیم اللہ نے کہا کہ موضع / دیہی شماری ایک قومی مہم ہے اس کو ہر قیمت پر کامیاب بنانا ہے، اس کے لیے تمام ذرائع بروئے کارلائیں گے، اس قومی مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ استور محکمہ شماریات کے ساتھ ہرقسم کا تعاون فراہم کرے گی۔

اجلاس میں ادارہ شماریات پاکستان کے اسسٹنٹ شماریات کمشنر ریاض حسین نے بھی شرکت کی اور موضع شماری مہم کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں نویں دیہی شماری میں اعداد وشمار اکھٹے کیے جائیں گے اور یہ عمل تین مرحلوں میں مکمل ہوگا، گلگت بلتستان تیسرے مرحلے میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی شماری 2020 کا عمل ملک بھر سمیت گلگت بلتستان میں پاکستان ادارہ شماریات کے زیر نگرانی منعقد ہورہا ہے، اس مہم کے دوران تمام موضع جات میں زرعی معلومات، آبادی کو میسر سہولیات، مال مویشیوں کی علاج معالجے کی سہولیات اور ذرائع مواصلات کی سہولیات وغیرہ کے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس مہم کے دوران اعداد وشمار اکھٹا کرنے والے شمارکنندہ گان کی تربیت کے لیے تحصیل سطع پر تربیتی پروگرام منعقد ہونگے تاکہ وہ احسن طریقے سے اس عمل کو انجام دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں