گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال آئے روز گھمبیر ہوتی جا رہی ہے،سعدیہ دانش

ہفتہ 30 مئی 2020 22:51

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال آئے روز گھمبیر ہوتی جا رہی ہے، کورونا سے متاثرہ مریضوں کی اموات بہت تشویشناک اور سنگین صورتحال کا پیغام دے رہے ہیں جبکہ حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، کوئی موثر حکمت عملی کے ساتھ ضروری اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے جس سے اس وباء کے پھیلاؤ کو کم کیا جاسکے۔

آئے روز مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد جس میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور ہیلتھ سٹاف کا متاثر ہونا باعث تشویش ہے۔ شروع دن سے ہی اس وباء کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے بہترین حکمت عملی اپنانے کی ضرورت تھی - عوام کی ایک کثیر تعداد اس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور بیشتر علاقوں میں اسی غیر ذمیداری اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہت سے افرا اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے اپنی مدت ختم ہونے سے ایک ماہ پہلے سے ہی ہتھیار ڈال دیے ہیں ۔ ضلع گلگت یا دیگر اضلاع میں داخلے پر پابندی کے ساتھ ساتھ موثر اور دور رس اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت پہلے سے بھی زیادہ ہے۔ ملک کے دیگر حصوں سے واپس آنے والے افراد اور سیاحوں کی بھی مکمل ٹریکنگ، ٹیسٹنگ اور کورنٹین کو یقینی بنایا جائے کیونکہ گلگت بلتستان میں لوکل ٹرانسمیشن میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے کیسسز کی تعداد بھی زیادہ ہے جن کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں