صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی گلگت بلتستان اسمبلی کے بروقت انتخابات کے حوالے سے دائر پیٹشن پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا ، تیرہ اگست کو سنایا جائیگا

منگل 11 اگست 2020 20:55

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2020ء) چیف جسٹس گلگت بلتستان چیف کورٹ جسٹس ملک حق نواز کی سربراہی میں جسٹس علی بیگ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ کی گلگت بلتستان اسمبلی کے بروقت انتخابات کے حوالے سے دائر پیٹشن پر فریقین کے وکلاء کے دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کردیا، فیصلہ 13اگست کو کورٹ نمبر 1میں سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق امیدوار قانون ساز اسمبلی ایڈووکیٹ راجہ شکیل احمد اور ایڈووکیٹ محمد عباس نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری شیڈول کو الیکشن ایکٹ2017 کی شق14 کی خلاف ورزی قرار دیکر گلگت بلتستان چیف کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر جسٹس علی بیگ نے الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 14 کے متصادم قرار دیتے ہوئے شیڈول کو معطل کر کے پیٹشن کو قابل سماعت قرار دیدیا تھا اور چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے چیف کورٹ کے مختصر حکم کا حوالہ دے کر الیکشن شیڈول کو ملتوی کردیا تھا۔

(جاری ہے)

صدر پیپلز پارٹی ایڈووکیٹ امجد حسین نے چیف کورٹ میں پٹیشن دائر کر کے چیلنج کیا تھا فاضل عدالت نے پٹیشن کو ابتدائی سماعت میں قابل سماعت قرار دے کر 10اگست کو دلائل کے لئے مقرر کیا تھا گزشتہ روز چیف جسٹس گلگت بلتستان چیف کورٹ جسٹس ملک حق نواز کی سربراہی میں جسٹس علی بیگ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل اور قانون کی روشنی میں پٹیشن پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔فیصلہ 13 اگست کو سنایا جائیگا۔ فاضل عدالت نے دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کیا جو 13اگست کو عدالت نمبر 1 میں سنایا جائیگا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں