اہم پارٹی رہنما کا الیکشن سے قبل دھاندلی کا الزام باعث تشویش ہے، چیف الیکشن کمشنر جی بی

کسی بھی امیدوار کو اہل یا نا اہل کرنا عدالتی معاملہ ہے،تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، بیان

اتوار 18 اکتوبر 2020 18:05

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2020ء) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ اہم پارٹی رہنما کی طرف سے وفاق میں بیٹھ کر الیکشن سے قبل دھاندلی کا الزام لگانا باعث تشویش ہے۔اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ہوں گے، تمام پارٹیوں کے سربراہان نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات کا عمل کسی صورت درست نہیں ، انتخابات سے قبل ایسے الزامات غیر جانبدرانہ انتخابات کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے ہیں،انتخابات 2020 کا انعقاد ہر صورت آزاد اور غیر جانبدار ہوگا.چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہاکہ گلگت کی تاریخ میں پہلی دفعہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کو سراہا گیا۔چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز نے کہا کہ انتخابات سے متعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا۔ کسی بھی امیدوار کو اہل یا نا اہل کرنا عدالتی معاملہ ہے۔ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں