گلگت بلتستان کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، زاہد حسین کاظمی

گلگت بلتستان میں روزگار، تعلیم اور ٹورازم کا فروغ تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے،مرکزی نائب صدر پی ٹی آئی

جمعرات 7 جنوری 2021 23:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2021ء) گلگت بلتستان کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، گلگت بلتستان میں روزگار، تعلیم اور ٹورازم کا فروغ تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر و تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کے منتظم زاہد حسین کاظمی نے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیر اعلی بیرسٹر خالد خورشید سے ملاقات میں کیاملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت گلگت بلتستان کے عوامی مسائل، ترقیاتی کاموں اور ٹورازم کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا مرکزی نائب صدرنے کہا کہ انتخابات میں گلگت بلتستان کی عوام کا وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد پرانے فرسودہ نظام کے خلاف اعلان بغاوت ہے اور انکے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے، گلگت بلتستان کے عوام نے ووٹ کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے اپنے تابناک مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے، وہاں کی منتخب حکومت کا فرض ہے کہ دن رات محنت اور خلوصِ نیت سے گلگت بلتستان کے عوام کو تمام بنیادی سہولتیں جن میں روزگار، تعلیم اور صحت کے مسائل شامل ہیں بلاتفریق پہنچانے کے انتظامات کریں اس کے لئے گلگت بلتستان کو جس طرح کی وفاقی حکومت سے مدد درکار ہوگی انہیں مہیا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

چیف منسٹر گلگت بلتستان نے مرکزی نائب صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پارٹی قیادت نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے مشکور ہیں، ریاست مدینہ کو ماڈل سمجھتے ہوئے عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے الیکشن میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنا اولین ترجیح ہے، ہمارا صوبہ قدرتی وسائل اور خوبصورتی میں دنیا کے گنے چنے علاقوں میں سے ایک ہے مگر بدقسمتی سے سابقہ ادوار میں کرپشن اور نااہل حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے عوام خوشحالی سے محروم رہے مگر اب تحریکِ انصاف کی حکومت روزگار اور ٹورازم جیسی انڈسٹری پر بھرپور کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور جائع حکمتِ عملی کے تحت بتدریج تبدیلی اور خوشحالی کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ایسے وقت میں جب پاکستان اور چائینہ سی پیک جیسے عظیم منصوبے کی تکمیل کے لئے تیزی سے عمل پیرا ہیں گلگت بلتستان کے عوام نے وزیرِاعظم عمران خان اور تحریکِ انصاف پر اعتماد کر کے جی بی میں تبدیلی اور اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل پر مہر ثبت کر دی ہے زاہد حسین کاظمی نے چیف منسٹر گلگت بلتستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پارٹی کی مرکزی قیادت ہر سطح پر گلگت بلتستان کی نومنتخب حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے، جی بی کے غیور عوام نے تحریکِ انصاف پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اب ہمارا فرض ہے کہ ایمانداری سے انکی خدمت کی جائے اور ویاں سے محرومیوں اور بے روزگاری جیسی نحوست کا خاتمہ کر کے نئے پاکستان اور نئے خوشحال گلگت بلتستان کے نعرے کو عملی جامع پہنائیں

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں