ہمیں ایسی پالیسیز بنانی ہے جو قابل عمل ہوں اور جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

محکمہ صحت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاری مکمل رکھے،گلگت میں بھی اکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے کام میں تیزی لائی جائے، خطاب

بدھ 14 اپریل 2021 23:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2021ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ ہمیں ایسی پالیسیز بنانی ہے جو قابل عمل ہوں اور جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے، ویکسینیشن کے عمل میں تیزی لائی جائے،محکمہ صحت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاری مکمل رکھے،گلگت میں بھی اکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے کام میں تیزی لائی جائے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے زیر صدارت کرونا وائرس کی نئی لہر کے حوالے سے وزیراعلی سیکریٹریٹ گلگت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صیحت حاجی گلبر خان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، علمائے کرام ودیگر اہم افراد نے شرکت کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ویکسینشن کے عمل اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسی پالیسیز بنانی ہے جو قابل عمل ہوں اور جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔ ویکسینشن کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ محکمہ صحت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاری مکمل رکھے۔ گلگت میں بھی اکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے کام میں تیزی لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر ہم احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں تو وباء کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں اور اس کے اثرات سے لوگوں کو کافی حد تک بچایا جاسکتا ہے۔

انتظامیہ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے۔ علمائے کرام سے بھی اپیل ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاو کی ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت اور سیاحت کو ہدایت کی ہے کہ کرونا ایس او پیز کے حوالے سے بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں روزانہ کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 6فیصد تک بڑھنے کی صورت میں سخت ایس اوپیز لاگو ہوں گے۔ اس کیساتھ گلگت بلتستان میں آنے والے سیاحوں کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں