قراقرم انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں بھر پور تعاون کریں گے ، راجہ ناصر علی خان

موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کا سیکھنا نہایت ہی ضروری ہے جس کے پاس ہنر موجود ہو کامیابی اس کے قدم چومے گی، وزیر سیاحت گلگت بلتستان

پیر 18 اکتوبر 2021 17:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیر سیاحت و امور نوجوانان راجہ ناصر علی خان نے کہا ہے کہ قراقرم انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی جس انداز سے ٹیکنیکل کلاسیں چلا رہا ہے وہ قابل تعریف ہے،خطے کی ضرورت کو مد نظر رکھ کر اس کالج کا قیام خطے کے عوام پر بہت بڑا احسان ہے۔قراقرم انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کا سیکھنا نہایت ہی ضروری ہے جس کے پاس ہنر موجود ہو کامیابی اس کے قدم چومے گی۔

انہوںنے کہاکہ بلتستان میں اس شعبہ کو حکومتی سطح پر اب تک مکمل نظر انداز کیا لیکن خطے سے محبت اور خطے کے عوام سے ہمدردی ہونے پر غلام محمد پاروی نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹیکنیکل ادارے کی بنیاد رکھی جو آج ایک پھلدار درخت بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہاں کے طلبا کو تعلیم کے ساتھ ہنر مند بنانے کیلے جو اقدام اٹھایا وہ قابل تعریف ہے۔راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ اس ادارے کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں بھر پور تعاون کریں گے اور اسکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر جو بھی ٹیکنیکل پروگرام ہوگا وہ اس ادارے کے اشتراک سے عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم اسکل اور کامیاب نوجوان پروگرام سمیت نویٹک کے منصوبے بلتستان میں بھرپور انداز سے چلانے پر بھی اس ادارے کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے آنے والے وقتوں میں روندو میں ایک ٹیکنیکل ادارے کے قیام کا اعلان کیا جس کیلئے تمام تر خدمات قراقرم انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی سے لی جائیگی۔

اس ادارے کیلے فنڈنگ حکومت کریگی اور نظام کے آئی سی ٹی چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 80 کی دھائی سے لیکر اب تک بلتستان کے بالائی علاقے اور دیہاتوں سمیت شہر کے کئی ایریاز میں تعلیمی اداروں کے قیام پر غلام محمد پاروی کو محسن ملت کا بھی لقب دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر محمد اعجاز نے کہا کہ الحمدللہ اس ادارے سے اب تک سینکڑوں طلبا ٹیکنیکل تعلیم سے فارغ ہوگئے ہیں اور اس ہنر کو استعمال میں لاکر اپنے خاندان کی خدمت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہنر مند بلتستان ہے تعلیم کے ساتھ ہنر مند بنانا ہمارا خواب ہے ہمارے بچوں اور نوجوانوں میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں البتہ اگر کمی ہے تو رہنمائی کی ہے جسے دور کرنے کیلئے ہم دن رات محنت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے اب تک سینکڑوں طلبا و نوجوان ہنر سیکھ کر فارغ ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سال ہماری محنت اور لگن کے باعث طالبات نے بھی ٹیکنیکل داخلے لینا شروع کیے ہیں اور ہم نے مزید شعور پیدا کرنے کیلئے پہلا سال طالبات کیلئے مکمل فری کیا ہے تاکہ دوسروں میں بھی شعور پیدا ہو ہماری خواتیں میں ٹیکنکل تعلیم نہ ہونے سے ہر سال ہمارے مختلف اداروں میں خواتیں کیلئے مختص سیٹ ضائع ہورہی ہیں اب ٹیکنیکل تعلیم کے بعد وہ اس سیٹ پر تعینات ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments