گلگت بلتستان میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور دھرنوں میں عوام کی کوئی دلچسپی نہیں، ترجمان وزیراعلیٰ

لوڈشیڈنگ کی کمی کیلئے اس سال خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جس سے گزشتہ سال کی نسبت ررواں سال بجلی کی فراہمی میں واضح بہتری آئے گی، علی تاج

منگل 7 دسمبر 2021 00:07

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) ترجمان وزیراعلی گلگت بلتستان علی تاج نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور دھرنوں میں عوام کی کوئی دلچسپی نہیں،صوبے میں توانائی، آئی ٹی، صحت، سیاحت، تعلیم، روزگار و دیگر فلاح عامہ کے خصوصی اقدامات کی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام مجموعی طور پر حکومت سے مطمئن اور آنے والے سالوں کے لئے پر امید ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اپوزیشن سمیت دیگر تنظیموں کی جانب سے دھرنوں اور احتجاج میں عوام نے دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی کمی کیلئے اس سال خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جس سے گزشتہ سال کی نسبت اس سال بجلی کی فراہمی میں واضح بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے مقامی اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے وفاق کی احساس راشن امداد پروگرام میں ہماری حکومت 55 کروڑ دینے کا فیصلہ کرچکی ہے جس سے گلگت بلتستان کے ایک لاکھ غریب و متوسط خاندانوں کو اہم اشیا پر ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا عام آدمی اپنی عوامی حکومت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے اور اس کو ایک نئے گلگت بلتستان کی تعمیر کے وعدے پر پورا بھروسہ ہے۔ امتیاز علی تاج نے مزید کہا کہ ہماری حکومت عام آدمی کے اس اعتماد پر پورا اترے گی۔ انشا اللہ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک نیا گلگت بلتستان ضرور بنے گا جس میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، بہترین بین الصوبائی،بین الاضلاعی، ضلعی، شہری و دیہاتی روڈ انفراسٹرکچر ہوگا، جس کے سرکاری ہسپتالوں میں معیاری علاج و معالجہ و ادویات میسر ہونگی۔

سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم میسر ہوگی۔ انٹرنیٹ کی بہترین سروس سے آراستہ ہوگا۔ جہاں معاشرے کے ہر طبقے کا بلاتفریق معاشی و سماجی تحفظ ہوگا۔ جس میں ایک مثالی بلدیاتی حکومت ہوگی جو آئینی و انتظامی طور پر بااختیار ہوگا اور معاشی اعتبار سے نہ صرف خود انحصار ہوگا بلکہ اپنے پیارے ملک پاکستان کی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے گلگت بلتستان کی منزل کا تعین ہو چکا ہے اور وزیراعلی خالد خورشید نے اپنے پہلے سال ہی جامع منصوبہ بندی کیساتھ خطے کو اس منزل کی طرف گامزن کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں و سالوں میں اس کے ثمرات حقیقی تبدیلی کی صورت میں عوام کو میسر ہونگے جیسے شہر سکردو کے لوگوں کو قلیل مدت میں بہترین شاہراہوں کا انفراسٹرکچر میسر ہوا۔ گزشتہ ایک سال میں بھرپور تعاون و حمایت پر ہم گلگت بلتستان کے ہر فرد کے مشکور و ممنون ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں کامل یقین ہے کہ اس تعاون و حمایت کیساتھ تمام تر رکاوٹوں و مشکلات کو اپنی طاقت بناتے ہوئے ہم اپنی منزل پر ضرور پہنچیں گے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں