انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے زلزلہ سے متاثرہ تحصیل روندو کے متاثرین میں شیلٹر پیکیج تقسیم کئے گئے

بدھ 12 جنوری 2022 20:07

گلگت ۔12جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔12 جنوری2022ء) :گورنر گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے زلزلہ سے متاثرہ تحصیل روندو کے متاثرین میں شیلٹر  پیکیج تقسیم کئے گئے۔ابتدئی مرحلے میں سو گھرانوں کے متاثرین  شیلٹر  پیکیج سے مستفید ہوئے۔گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون،صوبائی وزیر سیاحت،وثقافت راجہ ناصر علی خان،ایم ڈی بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے امدادی سامان تقسیم کئیے۔

ہلال احمر گلگت بلتستان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق گورنر گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان برگیڈیئر (ر) سلیم محمود نے فوری طور پر حالیہ زلزلہ سے متاثرہ تحصیل روندو کے مختلف گاؤں جن میں گنجی،تلو بروق، یلبو،سلبو۔

(جاری ہے)

،سبسر و دیگر علاقوں کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیئے گئے،جن میں نان فوڈ آئیٹم بھی تقسیم کیئے گیئے،ابتدائی مرحلے میں 50مکمل منہدم شدہ گھروں کے متاثرین میں شیلٹر پیکیج جس میں فی گھرانہ 14 سی جی آئی شیٹس،ایک ٹول کٹ،ایک کیچن سیٹ،انگیٹھیاں ،سولر لیمپ،6 عدد کمبل و دیگر سامان تقسیم کیا گیا،دوسری جانب معمولی نقصان والے 50 گھرانوں کیلئے نان فوڈ آئٹمز بھی تقسیم کئیے گئے۔

اس سے قبل گنجی اور تلو بروق کے زلزلہ متاثرین کیلئے پہلی کھیپ میں شیلٹر پیکیج و دیگر امدادی سامان تقسیم کیئے جا چکے ہیں۔سیکریٹری انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان رانا عمران خان نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان تقسیم کرنے سے قبل انجمن ہلال احمر کی جائزہ ٹیموں نے ان گاؤں کا باقاعدہ جائزہ/سروے کیا تھا جسکی تفصیلی رپورٹ میں ان علاقوں کو  زیادہ متاثر ہ قرار دیا گیا جس کے بناء پر ادارے کی جانب سے شیلٹر پیکیج کا اجراء کیا۔گورنر گلگت بلتستان کے ہمراہ صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت راجہ ناصر علی خان،ایم ڈی بیت المال و دیگر موجود تھے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں