چیف سکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی کا گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کور آفس گلگت کا دورہ

بدھ 25 مئی 2022 21:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے بدھ کے روز گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کور آفس گلگت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری منصوبہ بندی گلگت بلتستان ڈاکٹر التمش بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالطیف نے چیف سیکرٹری کو خوش آمدید کہتے ہوئے مینجمنٹ ٹیم کا تعارف کرایا جبکہ جنرل منیجر جی بی آر ایس پی اشفاق احمد نے ادارے کے اغراض ومقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان بھر سے غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں جدید تقاضوں کے تحت اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے ، جی بی آر ایس پی کی صلاحیتوں کو استعمال میں لاتے ہوئے گلگت بلتستان کی تعمیر ترقی کیلئے مشترکہ جد و جہد کرینگے ، غربت کے خاتمے اور تعلیمی میدان میں بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی کیلئے درکاروسائل فراہم کرینگے تاکہ طلبہ و طالبات دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں،طلبہ و طالبات کیلئے شاندار مواقع فراہم کرنے اور مستقبل کے چیلینجز سے نمٹنے کے قابل بنانے کیلئے تربیتی سیشنز کے انعقاد کے علاوہ گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کے ذریعے سماجی استحکام وتخفیف غربت کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھائینگے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے جی بی آر ایس پی کے مختلف سیکشنز کا دورہ اور دفتر کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں