سیلاب اور طغیانی سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور ریلیف آپریشنز کی نگرانی کررہا ہوں،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

بدھ 6 جولائی 2022 15:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2022ء) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہےکہ شیر قلعہ ضلع غذر سمیت بلتستان کے متعدد علاقوں میں سیلاب اور طغیانی سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور ریلیف آپریشنز کے کاموں کی میں خود نگرانی کررہا ہوں۔میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے دیئے گئےاحکامات کی روشنی پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام متعلقہ ادارے ،جن میں گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ غذر، اے سی پونیال،ڈی ڈی ایم اے، مجسٹریٹ و دیگر اداروں کو فوری طور پر الرٹ کردیا ہےاور متاثرین کی دادرسی اور ریلیف مہیا کرنے میں اب تک پوری حکومتی مشینری پیش پیش ہے۔

گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں،ضلع غذر کے گاؤں شیر قلعہ دیرینی، بلتستان میں کھرمنگ کے علاقے گھاسنگ، مہدی آباد اور ترکتی میں متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر شیر قلعہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈی جی، جی بی ڈی ایم اے، ورکس، پی ڈبلیو ڈی، محکمہ صحت و دیگر اداروں کو فوری طور پر فعال کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب بحالی کے کاموں میں حکومتی اداروں کے شانہ بشانہ اے کے اے ایچ سمیت دیگر فلاحی ادارے کھڑے ہیں اور ریلیف آپریشن میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ شیر قلعہ کے دیرینی گاؤں میں شدید سیلاب سے 4 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے،جنہیں سیلابی ملبے سے نکال لیا گیا ہےاور 3 زخمی ہیں جنہیں شیرقلہ اور ملحقہ گائوں گلاپور کے قریبی طبی مراکز میں منتقل کر دیئے گیے ہیں۔

ڈی ڈی ایم اے کی طرف سے 2 ایکسکویٹرز اور ایک بلڈوزر بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی، جی بی ڈی ایم اے نے ان کی ہدایت پر خیمے اور دیگر امدادی سامان روانہ کئے ہیں جن میں 30 خیمے،40 نارمل ٹینٹ،30 پلاسٹک میٹ، فوڈ پیکس،3 پورٹیبل واش رومز،80 سلیپنگ بیگز،50 گدے،اشیاء خوردونوش،50 کمبل و دیگر اشیاء سائیڈ پر پہنچا دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہنگامی طبی ٹیمیں متاثرہ ایریا میں موجود اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ شیر قلعہ کے ملحقہ گاؤں گلاپور میں نصب تھرمل جنریٹر کو فعال کرایا گیا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو بجلی فراہم کی جا سکے کیونکہ شیر قلعہ گاؤں کا پاور ہاؤس کو نقصان پہنچا ہے۔

سیکرٹری ورکس علاقے کے لیے پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے تمام تر وسائل کے ساتھ متحرک ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے اور مشکل کی اس گھڑی میں حکومت گلگت بلتستان اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں