وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سید قرار رضوی کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کی

منگل 2 اگست 2022 12:39

وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان نے سید قرار رضوی کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کی
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2022ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے حالیہ دہشتگردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے سید قرار رضوی کے گھر جاکرفاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کی تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی۔ امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ امن وامان برقرار رکھنے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے والد کے کردار کو امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں بھی مرحوم کے والد نے امن کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ مٹھی بھر دہشتگرد اور سازشی عناصر نے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔

حکومت کا پیغام واضع ہے کہ گلگت کا امن خراب کرنے والے دہشتگردوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے امن پسندی کا ثبوت دے کر شرپسندوں کے ناپاک عزائم ناکام بنادیئے جس کیلئے گلگت بلتستان کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ گلگت بلتستان میں مستقل قیام امن کو یقینی بناتے ہوئے شہر کی روشنیاں بحال کریں گے۔

حکومت کی دہشتگردی اور امن وامان خراب کرنے والے شرپسندوں کیخلاف زیرو ٹارلنس پالیسی ہے۔ حکومت لواحقین کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔اس موقع پرصوبائی وزیر خزانہ جاوید منوا، صوبائی مشیر خوراک شمس لون، صوبائی وزیر صحت حاجی گلبر خان، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی شاہ بیگ، صوبائی وزیر برقیات مشتاق احمد، صوبائی وزیر بلدیات عبدالحمید اور معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ الیاس صدیقی بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی ہسپتال جاکر عیادت کی اور بہتر ین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں