دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے زیراہتمام انٹرن شپ اورفنی تربیتی کورسز کا آغاز

جمعہ 12 اگست 2022 20:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے زیر اہتمام ایک بار پھر انٹرن شپ اور فنی تربیتی کورسز کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پروگرام کے تحت پراجیکٹ ایریا کے 12 سول انجنیئرز،جیولوجسٹ اور سرویئرزکو کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے ساتھ انٹرن شپ کا مواقع فراہم کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں مختلف اداروں کے ساتھ فنی تربیتی کورسز کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔

ترجمان واپڈا برائے دیامر بھاشا ڈیم کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس پروگرام کے تحت دیامر اور اپر کوہستان کے نوجوانوں کو این ایل سی انسٹیٹوٹ مندرا و دینہ اور سی آئی ٹی چلاس میں مختلف فنی شعبوں جن میں ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز ڈرائیونگ، ایکسویٹر آپریٹر، ویل لوڈر آپریٹر، آٹو کیڈ، ڈی سی الیکڑیشن،میسن،ٹائل فٹر، ویلڈر اور پلمبرزکے کورسز کی تربیت دی جائیگی۔

(جاری ہے)

واپڈا جوائنٹ ایمپلائمنٹ کمیٹی نے پراجیکٹ ایریا کے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں سے درخواست کی ہے کہ انٹرن شپ اور فنی تربیت کیلیے درخواستیں بمعہ دستاویزات مورخہ 14 اگست سہ پہر چار بجے تک واپڈا آفس چلاس میں جمع کرادیں۔پیڈ انٹرن شپ اور فنی تربیت کیلئے کلکٹر دیامر بھاشا ڈیم کے ذریعے درخواستیں پہلے ہی جمع کرانے والے امیدواروں کو دوبارہ درخواست جمع کرنے کی ضرورت نہیں۔

انٹرن شپ اور فنی تربیت کیلئے امیدواروں کا انتخاب ٹیسٹ و انٹرویوکے ذریعے ہوگا۔ واضح رہے کہ پراجیکٹ ایریا کے نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی اور فنی تربیت کیلیے واپڈا ، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی انتظامیہ ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ اس سے قبل بھی ایف ڈبلیو او سمیت دیگر اداروں کے ساتھ پراجیکٹ ایریا کے نوجوانوں کو انٹرن شپ اور فنی تربیت کےمواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ کورسز کے ذریعے مہارت حاصل کرنے والے امیدواروں کو پراجیکٹ ایریا میں ہی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں