قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے،ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

جمعہ 12 اگست 2022 21:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل (NTC) کے نویں اجلاس میں کیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین نیشنل ٹیکنالوجی کونسل انجینئر امتیاز گیلانی نے کی۔ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے مزید کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی قائم کی جا رہی ہے، جہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور لیبز قائم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت مائینگ انجینئرنگ اور سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے شعبے کام کررہے ہیں، بہت جلدبی ایس الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی پروگرام شروع کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں، جہاں رینیو ایبل انرجی اور ہائیڈرو پاور انجینئرنگ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔اس سے قبل افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے چیئرمین این ٹی سی نے اراکین کو خوش آمدید کہا اور ٹیکنالوجی کی تعلیم اور عمل کو ہموار کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے قومی ترقی کے لیے انجینئرز اور ٹیکنالوجی دونوں اسٹریمز کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں ایجنڈے کے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں