سازش کے تحت مسلم لیگ (ن)کے سابقہ دور حکومت کے اہم عوامی منصوبوں کو نظر اندازکیا گیا،سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمان

جمعرات 10 اکتوبر 2024 00:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2024ء) گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سازش کے تحت مسلم لیگ (ن)کے سابقہ دور حکومت کے اہم عوامی منصوبوں کو نظر اندازکیا گیا، ایسے کرداروں کا تعین کر کے ان کا محاسبہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے فیلڈ ہسپتالوں اور موبائل ایمبولینسز کا منصوبہ شروع کیا تھا لیکن اب ان موبائل ایمبولینسز کو دھوپ اوربارش کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،اسی طرح گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں دور دراز کے علاقوں کے عوام کے مال مویشیوں کی خدمت کیلئے 10 لائیو سٹاک ایمبولینسز کوذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرکے جی بی حکومت اور اداروں کے ذمہ داروں نے عوام کی سہولیات روک کر بدترین عوامی خیانت کے مرتکب ہوگئے ہیں ، یہ سب صرف اور صرف بعض مسلم لیگ (ن) میں ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، فوری طور پر پنجاب حکومت کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی فیلڈ ہسپتالوں اور لا ئیوسٹاک ایمبولینسز کو عوام کی خدمت کیلئے میدان میں اتارا جائے اورمیڈیکل ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات دستیاب ہو سکیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں