پاکستان سپورٹس بورڈ اور گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام آل پاکستان انڈر 17 بوائز فٹبال ٹورنامنٹ 2021 کا باقاعدہ افتتاح

کھیلوں کے انعقاد سے معاشرے صحت مند رہتے ہیں،کھیلوں کے انعقاد سے اخوت،محبت و بھائی چارگی کو فروغ دیا جائے، وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:22

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) پاکستان سپورٹس بورڈ اور گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام آل پاکستان انڈر 17 بوائز فٹبال ٹورنامنٹ 2021 کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا۔وزیر سیاحت،ثقافت،کھیل و امور نوجوانان گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان ایونٹ کے مہمان خصوصی تھے۔افتتاحی تقریب لالک جان شہید نشان حیدر اسٹیڈیم جوٹیال گلگت میں منعقد ہوئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے معاشرے صحت مند رہتے ہیں۔کھیلوں کے انعقاد سے اخوت،محبت و بھائی چارگی کو فروغ دیا جائے۔ایسے ایونٹس کے انعقاد کا مقصد علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یکم نومبر جشن آذادی گلگت بلتستان کے موقع پر بھی مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر سیکرٹری سیاحت و ثقافت ظفر وقار تاج نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرانڈز کو دوبارہ آباد کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کھیلوں کو فروغ دینے اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی بہتر صحت اور نشونما کی خاطر کھیلوں اور ورزش کو معمول بنایا کریں۔اس طرح کے ایونٹس میں والدین خصوصی طور پر اپنے بچوں کو لے کر آئیں اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرائیں تاکہ بچے موبائل اور دیگر سوشل میڈیا سے نکل کر اپنی اچھی صحت کی فکر کرسکیں ۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کھلی فضا میں قدرتی مناظر سے لطف اندوز رہیں اور اپنی ذہنی نشونما کی بہتری کیلئے وقت ضرور نکالیں۔یاد رہے کہ اس ایونٹ میں پنجاب،خیبرپختونخوا، آذادجموں اینڈکشمیر،سندھ،بلوچستان اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ ایونٹ 25 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں