بینظیر اِنکم سپورٹ کا نام تبدیل کرنا پست ذہنیت کی عکاسی ہے، سید شبر عباس ایڈووکیٹ

حکمرانوں نے چھوٹے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی شخصیت کے نام کو متنازعہ بنانے کی بھونڈی کوشش کی ہے ،ایسے ہتھکنڈوں سے نیازی حکومت کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ، رہنماء پیپلز پارٹی

ہفتہ 1 فروری 2020 14:35

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سید شبر عباس ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بینظیر اِنکم سپورٹ کا نام تبدیل کرنا پست ذہنیت کی عکاسی ہے، حکمرانوں نے چھوٹے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قومی شخصیت کے نام کو متنازعہ بنانے کی بھونڈی کوشش کی ہے ایسے ہتھکنڈوں سے نیازی حکومت کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما سید شبر عباس ایڈووکیٹ نے بینظیر اِنکم سپورٹ کا نام تبدیل کر کے احساس پروگرام رکھے جانے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کیا سید شبر عباس ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھٹو خاندان بین الاقوامی پہچان رکھنے والا خاندان ہے جنہوں نے ملک کی خدمت کی اور عوام کے دلوں پر راج کیا ،ہر حکمران اس خاندان کے نام سے خوفزدہ ہے اس سے قبل بھٹو پارک راولپنڈی کا نام تبدیل کر کے جناح پارک رکھا گیا اس کے بعد بینظیر انٹرنیشنل ائر پورٹ کا نام تبدیل کیا گیا اور اب اِنکم سپورٹ پروگرام سے محترمہ شہید کے نام کو ختم کر دیا گیااور محترمہ شہید کی جگہ قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر لگا کر بابائے قوم قائد اعظم کو متنازعہ بنانے کی گھٹیا حرکت کی عمران نیازی نے اس فیصلے سے اپنا قد مزید چھوٹا کر لیا انہوں نے کہا کہ جب ملک میں دہشت کی فضا تھی اور عمران نیا زی ڈر کے مارے طالبان کا وکیل بنا ہوا تھا اور طالبان کیلئے ریلیاں نکال رہا تھا اس وقت بینظیر بھٹو ہی واحد سیاستدان تھیں جنہوں نے طالبان کو للکارا اور جان تک قربان کردی ، بی بی شہید نے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا اور دنیا میں پاکستان کی شناخت بنیں جس کا اظہا ر آج دن تک انٹرنیشنل سطح پر کیا جا رہا ہے ایسی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے بجائے ان کے نام سے قائم کئے گئے اداروں کو ختم کیا جانا تنگ نظری اورکم ظرفی کی انتہا ہے، حکمرانوں کا یہ تعصب ناقابل برداشت ہے ایسے ہتھکنڈے نیازی اینڈ کمپنی کو بدترین تاریخ بنا دیں گے۔

گوجر خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں