حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کرے،جی سی سی آئی

بدھ 7 اگست 2024 22:06

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2024ء) گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرضیاء الحق(شیخ فیصل ایوب) نے حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ فنانس ایکٹ 2024اور ایف بی آر کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ ایس آراوز میں ترامیم سے متعلق کاروباری برادری کے خدشات کو دور کرے کیونکہ ان سے ٹیکس قواعد وضوابط پر عمل کرنے والے کاروباری شعبے متاثر ہونگے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کا اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کرجائزہ لے تاکہ ٹیکس قواعد وضوابط پر عمل کرنے والے ٹیکس دہندگان پر غیر منصفانہ بوجھ نہ پڑے اور ایک ایسا ماحول پیدا ہو جو ٹیکس نیٹ سے باہر افراد کوٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب دے۔جبکہ فنانس ایکٹ 2024 کے مطابق، سیکشن 236H کے تحت خوردہ فروشوں سے جمع کیا جانے والا ایڈوانس انکم ٹیکس 0.5فیصد سے بڑھا کر2.5فیصد کر دیا گیا ہے اگر ان کی خریداری 4 ملین روپے کی حد سے تجاوز کر جائے تو خوردہ فروشوں کو بالواسطہ طور پر سیلز ٹیکس کیلئے رجسٹر ہونے کا پابند کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مینوفیکچررز پہلے ہی ریٹیلرز کے 4فیصد اضافی سیلز ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور یہ 2.5فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس مینوفیکچررز کیلئے اضافی بوجھ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے امید کی کہ حکومت کاروباری شعبہ اور معیشت کے وسیع تر مفاد میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ان اقدامات کا فوری جائزہ لینے کے احکامات صادر کریں گے۔\378

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں