حکومت کے قبل ازوقت خاتمے کی سازشیں کرنے والوں کو عوام آئندہ الیکشن میں نشان عبرت بنا دیں گے،وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خان

پیر 18 دسمبر 2017 22:18

حکومت کے قبل ازوقت خاتمے کی سازشیں کرنے والوں کو عوام آئندہ الیکشن میں نشان عبرت بنا دیں گے،وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پورے ملک کے عوام نوا زشریف کی نا اہلیت کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں ، مخلص اور سچی نیت والی قیادت نے دیانتداری سے کام کرکے عوام سے کئے وعدوں کو پوراکر دیا ، مسلم لیگ ن کی منتخب جمہوری حکومت کے قبل ازوقت خاتمے کی سازشیں کرنے والوں کو عوام آئندہ الیکشن میں نشان عبرت بنا دیں گے،رکاوٹوں کے باوجود ترقی ،خوشحالی اور روشنی کا کارواں چلتا رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوںنے یوسی 19میں مکمل ہونے والے سیوریج و پی سی سی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوںنے کہا کہ باشعور پاکستانی عوام ملکی ترقی،خوشحالی اور امن کے خلاف سازش کو خوب اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ،سی پیک لانے والے وزیر اعظم کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور روزگار لانے کی سزا مل رہی ہے جسے عوام کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں ،ملک کے ہر حصے سے نواز شریف کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور عوام انکی نااہلیت کا فیصلہ قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں ،منتخب وزیر اعظم کو اپیل کا حق نہ ملنا بہت سے سوالوں کو جنم دیتا ہے ،ان شاء اللہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں ایک بار پھر وزیر اعظم منتخب کر کے سازشی ٹولے کی سازش کو ناکام کریں گے ،اس موقع پر رانا انتظار احمد ،یوسی چیئرمین رانا بلال احمد ،وائس چیئرمین فیصل جٹ ،لیاقت جٹ ،میاں بشیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں