شیر کا نشان سلامتی خوشحالی و ترقی کا نشان ہے، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان

جمعہ 19 جنوری 2018 20:24

شیر کا نشان سلامتی خوشحالی و ترقی کا نشان ہے، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عوام کا غیر متزلزل یقین ہے کہ شیر کا نشان سلامتی خوشحالی اور ترقی کا نشان ہے ، ملک بھر میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے نواز شریف کی خوشبو آتی ہے ،چکوال کے عوام نے بھاری اکثریت سے لیگی امیدوار کو جتوا کر ثابت کردیا کہ وہ اپنا اچھا برا خوب سمجھتے ہیں، شریف برادران پر حملہ کرنے کے لئے سیاسی شعبدہ بازوں کے ہاتھ خالی ہیں ،اسلئے قصور جیسے واقعات پر سیاست چمکانے کی کوشش ہو رہی ہے ، پنجاب حکومت درندے کی گرفتاری کے لئے پورا زور لگارہی ہے ، مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے مزید قانون سازی کی جائے گی ، افسوس کہ مردان میں ہونے والے واقعہ کے بعد لواحقین کے آنسو پونچھنے وہاں کا کوئی نمائندہ نہیں گیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے دھلے میں ترقیاتی منصوبوںکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیاسی شعبدہ بازوں کی کال کو عوام نے بری طرح مسترد کرکے یہ پیغام دے دیا کہ وہ جمہوری نظام اور ترقی والی جماعت مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں ، چکوال میں 30ہزار ووٹ کی لیڈ سے لیگی امیدوار کی کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ عوام کے دل آج بھی نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اوروہ نواز شریف کو ملکی ترقی، سلامتی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کا ضامن سمجھتے ہیں، مال روڈ پرسٹیج پربیٹھے ٹولے کے سربراہ طاہرالقادری کا ملک بھر میںکسی یونین کونسل میںکوئی ایک منتخب کونسلر تک موجود نہیں ہے ۔

آصف زرداری اور عمران نیازی اور دیگر صرف سازش کے لئے انکے پاس گئے لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑی ، انہوںنے کہا کہ عوام ترقی روشنی اور سلامتی کے لئے مسلم لیگ ن کو اگلے الیکشن میں ایک بار پھر بھاری اکثریت دلائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں