گوجرانوالہ سے گرفتار بھارتی شہری کا 5 روزہ ریمانڈ

پنجم تیواری نامی شخص 10 سال سے جعلی دستاویزات پر ملک میں مقیم تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 3 اگست 2019 14:02

گوجرانوالہ سے گرفتار بھارتی شہری کا 5 روزہ ریمانڈ
گوجرانوالہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست۔2019ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ سے حراست میں لیے گئے بھارتی شہری کا 5 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا‘ پنجم تیواری نامی شخص 10 سال سے جعلی دستاویزات پر ملک میں مقیم تھا جسے 2 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا. ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اسے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کردیا گیا‘رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام نے سالوں سے شناخت بدل پر پاکستان میں رہائش پذیر بھارتی شہری کو پناہ دینے والے خاندان کے 3 افراد سے تفتیش بھی کی.

(جاری ہے)

تفتیشی افسر انسپکٹر نوید احمد نے بتایا کہ بھارتی شہری کو پناہ دینے والے شخص کامران کے خاندان سے مسعود اشرف، رخسانہ اور قیصر سے تفتیش کی گئی‘دوسری جانب ایف آئی نے جعلی پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات تیار کرنے میں ملوث 2 افراد کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے. ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ شخص 10 سال سے گوجرانوالہ میں رہائش پذیر تھا جس کو پناہ فراہم کرنے والے شہری کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا‘اس ضمن میں ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نواز نے بتایا کہ پنجم تیواری نامی شخص 2009 میں ملازمت کے سلسلے میں دبئی گیا تھا جہاں اس کی ملاقات گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے شہری کامران سے ہوئی.

جس کے بعد دونوں کاروباری شراکت دار بن گئے تھے اور کامران، پنجم تیواری کو جعلی پاسپورٹ پر پاکستان لے آیا تھا‘بعدازاں پنجم تیواری نے اسلام قبول کر کے بلال نام اختیار کیا اور کامران کی بہن رخسانہ کے ساتھ اس کی شادی کردی گئی تھی. ایف آئی اے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ اور نکاح نامہ وغیرہ بنوا کر پاکستان میں ہی رہائش اختیار کرلی تھی.

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں