گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات

بے روزگاری سے تنگ ایک کرایہ دار نے برقعہ پہن کر مالک مکان کو ہی لوٹ لیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 جولائی 2020 13:46

گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات
گوجرانوالہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12جولائی 2020ء) بھوک اور غربت انسان کو ایسے ایسے کام کرنے پر مجبور کر دیتی ہے جس کا اس انسان نے خود بھی تصور نہیں کیا ہتا۔ انسان بھوکے پیٹ کے ہاتھوں مجبور ہو کر کئی بار غلط راستے کی طرف بھی نکل جاتا ہے اور پھر یہ غلط راستے انسان کو غلط انجام کی طرف لے جاتے ہیں۔ بھوک تہذیب کے اداب بھلا دیتی ہے اور یہی بھوک انسان کو انسانیت بھی بھلا دیتی ہے۔

دنیا بھر میں زیادہ تر جرائم پیسے کیلئے کیے جاتے ہیں اور پھر یہ پیسے کی ہوس لالچ کی شکل اختیار کر جاتی ہے۔ لیکن دنیا میں بھی ایسے لوگ بھی موجود ہیں جن کی ضروریات محدود ہوتی ہیں اور ان کے لیے وہ چھوٹے موٹے جرم کرتے ہیں اور زیادہ تر بدقسمت پکڑے بھی جاتے ہیں اور بھوک کے ساتھ ساتھ سزا کے بھی حقدار ٹھہرتے ہیں اب گوجرانوالہ بھی ایک ایسا ہی واقعہ سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جہاں بے روزگاری سے تنگ ایک کرایہ دار نے برقعہ پہن کر مالک مکان کو ہی لوٹ لیا۔ لیکن ملزم فوراََ پکڑا بھی گیا۔ پولیس کے مطابق جناح روڈ کے علاقے میں ملزم عثمان نے برقعہ پہن کر اپنے ہی مالک مکان کے گھر ڈکیتی مار کر 39 ہزار روپے لوٹ لیے۔ دوران واردات ملزم کی آواز پر مالک مکان کو شک ہوا جس پر اس نے پولیس کو اطلاع کردی جب کہ گرفتار ہونے پر ملزم عثمان نے ڈکیتی کو مجبوری قرار دے دیا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ 2 ماہ کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے گھر سے نکالنے کی دھمکی دی تھی،کچھ سمجھ نہ آیا تو مالک مکان کو ہی لوٹنے کا منصوبہ بنایا۔ملزم کی داستان سن کر پولیس والوں کو اس پر رحم آگیا اور خود پیسے جمع کرکے ملزم کے کرایے کی رقم ادا کر دی۔ڈی ایس پی عمران عباس کے مطابق ملزم کو اس کے جرم کی سزا ضرورملے گی لیکن کرایے کی ادائیگی سے اس کے بیوی بچے گھر میں رہ سکیں گے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں