گوجرانوالہ میں ملزم نے گھر میں گھس کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا

واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے بدوکی گوساہیاں میں پیش آیا ، لڑکی کا میڈیکل ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 ستمبر 2020 11:24

گوجرانوالہ میں ملزم نے گھر میں گھس کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) گوجرانوالہ میں گھر میں گھس کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق زیادتی کا یہ واقعہ گوجرانوالہ کے نواحی علاقے بدوکی گوساہیاں میں پیش آیا جہاں ملزم نے گھر میں گھس کر لڑکی سے جنسی زیادتی کی ۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکی کا میڈیکل ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کیا گیا جس کی رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ۔

ایک رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں 2020ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران اجتماعی زیادتی کے 77 واقعات رپورٹ ہوئے ، 60 فیصد ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ۔ اس حوالے سے پولیس ریکارڈ کے مطابق صوبہ پنجاب کا گوجرانوالہ ریجن اجتماعی زیادتی کے واقعات میں 30 واقعات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ فیصل آباد ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 12 واقعات سامنے آئے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ملتان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 9 مقدمات درج ہوئے ، لاہور میں اجتماعی زیادتی کے 7 واقعات سامنے آئے ، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 6 ، شیخو پورہ اور راولپنڈی میں 5 ، 5 واقعات رپورٹ ہوئے ، بہاولپور اور ساہیوال ریجن میں ایک ایک اور سرگودھا میں اجتماعتی زیادتی کے 2 واقعات ہوئے ۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق اجتماعی زیادتی کے ان واقعات کے 60 فیصد ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اجتماعی زیادتی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں ، ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ اس طرح کے واقعات میں ملزمان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروانا پڑتے ہیں ۔

دوسری طرف لاہور کے علاقے گجر پورہ میں بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنائے جانے والی ماں کے حق میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ، عوام کی طرف سے ناصرف واقعے کی شدید مذمت کی جارہی ہے بلکہ مطالبہ بھی سامنے آرہا ہے کہ زیادتی کا نشانہ بنانے والوں کو سر عام پھانسی دی جائے تاکہ معاشرے میں ناسور کی طرح پھیلنے والی اس گندگی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جاسکے ۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں