گوجرانوالہ کے 5 اسکولوں کے بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

رینڈم ٹیسٹ کے دوران 24 بچوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی،سکول بند کر دیا گیا۔ترجمان محکمہ صحت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 19 ستمبر 2020 12:16

گوجرانوالہ کے 5 اسکولوں کے بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق
گجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2020ء) پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 5 اسکولوں کے بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں 5 سکولوں میں رینڈم ٹیسٹ کے دوران 24 بچوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد متعلقہ سکول کو بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نجی سکول کے 11، گورنمنٹ پبلک ہائی سکول وزیرآباد،گورنمنٹ ہائی سکول سعیدہ کے طالب علموں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔اسی طرح ڈیرہ بگٹی میں بھی سرکاری سکول کے 6 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔چاروں صوبوں میں جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے انہیں بند کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹرپر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سےمتعلق فیصلہ سوچ بچاراوراحتیاط کےساتھ کیاگیا ، چھ ماہ سےتدریسی عمل کی بندش نے طلبا کوبری طرح متاثرکیا ، کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے وزارتِ صحت کا مشورہ لیں گے، کیونکہ طلبا کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگرصورتحال بہتر رہی تو 28 ستمبر کو مڈل کلاسز کو بلا سکتے ہیں۔ 28 ستمبر میں ابھی وقت ہے، اس حوالے سے مزید سوچ بچار اور غور کریں گے۔ کسی بچے کو وائرس ہوگیا تو وائرس بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کے بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ گزشتہ چار روز میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا لیکن وہاں ایس اوپیز پر عمل نہیں ہورہا۔کاروباری مراکز میں بھی ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں