گوجرانوالہ میں زمین کا تنازع ، عدالت سے واپسی پر 3 افراد قتل

تینوں افراد شیخوپورہ میں عدالت سے پیشی کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان کی کار پر نامعلوم مسلح ملزمان کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کردی گئی ، پولیس ذرائع

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 نومبر 2020 15:55

گوجرانوالہ میں زمین کا تنازع ، عدالت سے واپسی پر 3 افراد قتل
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے قریب کامونکی میں کار پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اس حوالے سے تفصیلات میں پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ جی ٹی روڈ پر پیش آیا جہاں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد شیخوپورہ میں عدالت سے پیشی کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان کی کار پر نامعلوم مسلح ملزمان کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں کار سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کےمطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا زمین کا ایک تنازع تھا جس کہ وجہ سے ان کی اپنے گاؤں کے ایک فریق سے دشمنی بھی ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

ایسے ہی ایک اور واقعے میں خیبرپختونخوا میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں پورا خاندان اجڑ گیا۔بتایا گیا ہے کہ ضلع لوئر دیر میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت ان کے دو بچے بھی جاں بحق ہو گئے، چار افراد کی ہلاکت کا واقعہ لوئر دیر کے علاقے چکدرہ میں پیش آیا تھا جہاں طور منگ سے اوچ شاہ عالم بابا جانے والی ایک کار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوی اور دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے علاوہ کار میں سوار مزید افراد بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کر دیا گیا جب کہ لاشوں کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ، بظاہر واقعہ کسی ذاتی رنجش کا نتیجہ نکلتا ہےتاہم پولیس نے مختلف زاویوں سے معاملے کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں