اغوا کا ڈرامہ رچا کر گھر والوں سے 80 لاکھ طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا

ملزم نواز دو روز قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا اور علی پور چٹھہ میں واقع ایک مسجد میں پناہ لے لی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 1 مئی 2021 12:10

اغوا کا ڈرامہ رچا کر گھر والوں سے 80 لاکھ طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم مئی 2021ء) : گوجرانوالہ میں اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچا کر گھر والوں سے 80 لاکھ روپے طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقہ نوکھر کا رہائشی نواز دو روز قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا اور علی پور چٹھہ میں واقع ایک مسجد میں پناہ لے لی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بذریعہ ٹیلی فون گھر والوں کو کہا کہ مجھے نا معلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے، ملزمان رہائی کے لیے 80 لاکھ روپے مانگ رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق نواز کے گھر والوں نے تھانہ کوٹ لدھا میں اغوا کا مقدمہ درج کروایا تو پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا جس کے کچھ دیر بعد ہی نواز کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نواز نے کاروبار کے لیے رقم مانگی لیکن گھر والوں نے رقم دینے سے صاف انکار کر دیا جس پر نواز پر اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ پکڑے جانے پر ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جُرم بھی کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جہاں جان بوجھ کر اغوا کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔ گذشتہ ماہ اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے اغوا کا ڈرامہ رچانے والے نوجوان کو بازیاب کر کے 2 لڑکیوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ مغوی نور شاہ کے بھائی شہنشاہ نے 5 اپریل کو پاک کالونی پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے بھائی کو اغوا کرلیا گیا اور اس کی رہائی کے عوض 2 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے جس پر اے وی سی سی پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی لوکیشن کا سراغ لگاتے ہوئے مغوی لڑکے کو بازیاب کرا لیا جبکہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ لڑکا اغوا نہیں ہوا تھا بلکہ اس نے خود گرفتار خواتین کے ساتھ ملکر کر اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا تاکہ اہل خانہ سے تاوان کی رقم وصول کر سکے، پولیس نے نوجوان کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں