11 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا

گوجرانوالہ میں ننھی طلبا کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 20 جون 2021 00:24

11 سالہ  بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا
گوجرانوالہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2021ء) گوجرانوالہ میں 11 سالہ ننھی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا، پولیس نے ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا- تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں ننھی طلبا کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا ہے- واضح رہے کہ دو روز قبل گوجرانوالہ میں 11 سال کی بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، واقعے کے خلاف مقامی افراد نے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے باہر احتجاج کیا۔

گوجرانوالہ پولیس کے مطابق رات کو مذکورہ 11سالہ بچی کی لاش کھیتوں سے ملی تھی، بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم بچی کا محلے دار ہے، مقتولہ بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کےلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں زیادتی کے بعد طالبہ کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ اسے عبرت ناک سزا مل سکے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں چھوٹے بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں بڑھوتری دیکھنے میں آئی ہے، ایسا ہی ایک واقعہ چند روز قبل کراچی میں پیش آیا- کراچی کے یتیم خانے کے ہوسٹل ملازم نے 16 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

اس حوالے سے پولیس کاکہنا تھا کہ 16 سالہ کنز فاطمہ کو ہوسٹل ملازم نے زیادتی کا نشانہ بنا دیا ،واقعہ کا مقدمہ جمشید تھانے میں درج کرلیا گیا ہے ،پولیس نے ملزم مہدی حسن کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کاکہناہے کہ ملزم مہدی حسن زوہرا ہومز نامی فلاحی ادارے میں اکاؤنٹس کے شعبہ میں ملازم تھا ،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ آج ہی کے روز ایسا ہی افسوسناک واقعہ شکر گڑھ میں پیش آیا، جہاں شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، ملزمان نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی۔

ملزمان نے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ دو ماہ قبل کا ہے۔جب ملزمان نے شکر گڑھ تھانہ کوٹ نیناں کی حدود ٹرپئی کی خاتون کو گندم کے کھیتوں میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بھی بنائی۔بتایا گیا کہ خاتون کی 10 سال قبل چک بھرائیاں میں شادی ہوئی ،2 ماہ قبل وہ والدین سے مل کر میکے سے چک بھرائیاں اپنے سسرال جا رہی تھی کہ راستے میں 3 اوباش نوجوانوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک اوباش نے وہیں پر گندم کے کھیتوں میں زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ دیگر دو نوجوانوں نے قریبی باغ میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیوز بھی بنائیں ، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان نے زیادتی کی اور ویڈیوز بناکر بلیک میل کرتے رہے ،شادی شدہ تھی عزت کے مارے چپ رہی ، ملزمان پیسوں اور بار بار ملنے کا تقاضا کرتے تھے ، نہ ماننے پر ویڈیوز وائرل کردیں

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں