تصاویر کاپی ہو گئیں، کمپیوٹر ٹھیک کروانا خاتون کو مہنگا پڑ گیا

کمپیوٹر انجینئر کا ڈیٹا کاپی کرکے خاتون کو تصاویر اور ویڈیوز سے بلیک میل کرکے شادی کے لیے آمادہ کرنے پر دباؤ ،ایف آئی اےنے گرفتار کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 31 اگست 2021 16:45

تصاویر کاپی ہو گئیں، کمپیوٹر ٹھیک کروانا خاتون کو مہنگا پڑ گیا
گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2021ء ) گوجرانوالہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی نازیبا تصاویر وائرل کرنے والا کمپیوٹر انجینئر گرفتار کر لیا گیا۔سائبر کرائم حکام کے مطابق ملزم افتخار احمد گھنٹہ گھر کا رہائشی ہے اور خاتون نے اپنا کمپیوٹر ٹھیک کرنے کے لیے افتخار کو دیا تھا لیکن ملزم نے ڈیٹا کاپی کرکے خاتون کو تصاویر اور ویڈیوز سے بلیک میل کرنے شادی کے لیے آمادہ کرنا شروع کر دیا۔

خاتون کے انکار پر ملزم نے اپنے موبائل فون اور کمپیوٹر سے ویڈیوز تصاویر وائرل کیں۔سائبر کرائم حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا موبائل اور کمپیوٹر قبضے میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مختلف شہروں میں بلیک میلنگ کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم میں ملوث افراد ذہنی کوفت کا باعث بنتے ہیں، حکومت سخت اقدامات اٹھائے۔ سائبرکرائم کی بڑھتی ہوئی شرح میں ایک بنیادی وجہ ان جرائم سے بچنے کے لیے عوام میں آگاہی کا بھی نہ ہونا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق سائبر کرائم میں خواتین کے ملوث ہونے کی بڑی وجہ ان کے نام سے استعمال کی جانیوالی موبائل سمیں بھی ہیں جن سے وہ تو لاعلم ہوتی ہیں لیکن ان سموں کے استعمال سے انہیں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا۔

علاوہ ازیں مرد حضرات کی جانب سے خواتین کو ویڈیوز اور تصاویر کے نام پر بلیک میل کرنے کے علاوہ اب خواتین بھی تصاویر اور ویڈیوز کے نام پر مردوں کو بلیک میل کر رہی ہیں ۔۔خیبرپختونخوا میں خواتین کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے واقعات سامنے آگئے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے خواتین کی جانب سے ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی۔خیبرپختونخوا میں سائبر کرائم میں خواتین کی بڑی تعداد ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بھی بلیک میلر خواتین سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی۔ حکام کے مطابق خواتین سے متعلق شکایات پر تحقیقات جاری ہیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں