مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی پر پودے چوری کرنے کا الزام ثابت نہ ہو سکا، مقدمہ خارج

پنجاب ہورٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے کیئرٹیکرنے مقدمے میں اپنا بیان حلفی جمع کروا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 ستمبر 2021 14:43

مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی پر پودے چوری کرنے کا الزام ثابت نہ ہو سکا، مقدمہ خارج
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 ستمبر 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کے معاملے پر پی ایچ اے کے کیئرٹیکر نے اپنا بیان حلفی جمع کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق رکن اسمبلی توفیق بٹ پر پودے چوری کرنے کا الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پی ایچ اے کے کیئرٹیکر عرفان نے پولیس کو اپنا بیان حلفی جمع کروایا جس میں ان کا کہنا ہے کہ تصدیق کرنے پر توفیق بٹ پر 1000 پودے چوری کرنے کا الزام ثابت نہیں ہوا لہٰذا مقدمہ خارج کرنے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عرفان کے اپنے بیان سے منحرف ہو جانے پر مقدمہ قابل اخراج قرار دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب لیگی ایم پی اے توفیق بٹ نے مطالبہ کیا کہ جھوٹا مقدمہ درج کروانے پر سابق ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی آر تھانہ دھلے میں پی ایچ اے کے کیئر ٹیکر عرفان کی مدعیت میں درج کی گئی جس میں کہا گیا ہےکہ 11 اگست کی شام ساڑھے چار بجے توفیق بٹ 7 نامعلوم افراد کے ہمراہ کار اور دو رکشوں پر شاہین آباد آئے جہاں سے وہ ایک ہزار پودے اور ورلڈ ریکارڈ والے پینا فلیکس لے کر فرار ہوگئے۔ لیکن مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف جھوٹا مقدمہ ڈپٹی کمشنر نے درج کروایا ہے کیونکہ میں نے پنجاب اسمبلی میں کم فاصلے پر پودے لگانے کے خلاف صوبائی اسمبلی میں درخواست جمع کروائی تھی۔ تاہم اب توفیق بٹ کے خلاف ثبوت نہ ملنے پر ان کے خلاف درج کیا جانے والا مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں