غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر خواتین کو بلیک میل کرنے والی ملزمہ گرفتار

ملزمہ خواتین کو جسم فروشی کے لیے مجبور کرتی تھی اور انہیں دبئی جانے کے لیے رضامند کرتی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 ستمبر 2021 11:24

غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر خواتین کو بلیک میل کرنے والی ملزمہ گرفتار
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2021ء) : خواتین کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں بلیک میل کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے دوستی کی آڑ میں خواتین کی ویڈیوز بنانے اور پھر جسم فروشی کے لیے مجبور کرنے والی خاتون ملزمہ کو سرائے عالمگیر سے گرفتار کرلیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )کے مطابق گرفتار ملزمہ خواتین کی نازیبا ویڈیوز کے ذریعے انہیں بلیک میل کرتی اور پھر بلیک میلنگ کے ذریعے انہیں دبئی جانےکے لیے رضامند کرتی تھی۔

ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزمہ سے تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ ایک اکرام نامی شخص کیساتھ مل کر دبئی میں جسم فروشی اور فحاشی کا اڈہ چلاتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے سرائے عالمگیر کی ایک خاتون کے ساتھ بھی یہ فعل سرزد کیا جس کے بعد سرائے عالمگیر کی رہائشی متاثرہ خاتون نے ملزمہ اور اس کے دوست کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

پولیس نے کہا کہ ملزمہ کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ لڑکیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ چند روز قبل فیصل آباد میں ایف آئی اے سائبرکرائم ٹیم نے طارق آباد میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو نازیبا تصاویر کی بنیاد پر ہراساں کرنے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

فیصل آباد میں ایک لڑکی کو نازیبا تصاویر بھیج کر بلیک میل کیا جا رہا تھا۔تاہم جب تفتیش کی گئی تو اسے بلیک میل کرنے والا خاندان کا ہی فرد نکلا۔لڑکی کو اپنے کزن کی جانب سے نازیبا تصاویر بھیج کر بلیک میل کیا جا رہا تھا۔ ملزم عثمان اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکی اور اس کے گھر والوں کو بلیک میل کر رہا تھا۔ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان اپنے دوستوں کے ہمراہ اپنی کزن کو بلیک میل اور ہراساں کر رہا تھا۔ملزم نے لڑکی کی غیر اخلاقی تصاویر دوستوں اور فیملی ممبرز کو بھیجیں ۔ ایف آئی اے نے ملزم عثمان اور اس کے دو ستوں رمضان اور مجاہد کو گرفتار کر کے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں