گوجرانوالا ؛ موبائل استعمال کرنے پر بھائی نے بہن کو گولی مار کر قتل کردیا

بہن بھائی میں موبائل کے استعمال کرنے پر جھگڑا ہوا جس پر ملزم نے اپنی بہن کو گھر میں فائرنگ کرکے ابدی نیند سلا دیا اور موقع سے فرار ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اکتوبر 2021 14:30

گوجرانوالا ؛ موبائل استعمال کرنے پر بھائی نے بہن کو گولی مار کر قتل کردیا
گوجرانوالا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2021ء ) سوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالا میں موبائل فون استعمال کرنے پر جھگڑے کے دوران بھائی نے بہن کو گولی مار کر قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے لیاقت کالونی میں پیش آیا ، جہاں بہن بھائی میں موبائل کے استعمال کرنے پر جھگڑا ہوا تھا جس پر ملزم عمیر نے بہن ثناء کو گھر میں فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے واقعہ کے بعد لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دی جب کہ والد کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔

خیال رہے کہ نوجوان نسل میں موبائل فون کا استعمال عام ہو گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل نت نئے موبائل فونز کے جنون میں اپنے آپ کو اس محو کر لیتے ہیں کہ انہیں اور کسی چیز کا خیال نہیں رہتا ، موبائل فون جتنا فائدہ مند ہے اُتنا ہی اس کا نقصان بھی ہے ، کچھ والدین کا ماننا ہے کہ نوجوان نسل کو بگاڑنے میں اہم کردار موبائل فون نے ادا کیا ہے ، جن نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے پاس جدید موبائل فونز ہوتے ہیں اُن کو دیکھ کر دیگر نوجوان احساس کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں اور پھر اپنے والدین سے نئے موبائل فونز دلوانے کی ضد کرنے لگتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایک واقعے میں صوبہ سندھ کے شہر شکارپور کے گاؤں میرل کلہوڑو میں موبائل فون نہ دلوانے پر 15 سالہ لڑکے نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ، اہل خانہ نے پولیس کو دئے گئے بیان میں بتایا کہ متوفی کئی روز سے والد سے موبائل فون دلوانے کی فرمائش کررہا تھا ، والد کی طرف سے انکار پر 15 سال کے عرفان نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی ، پولیس نے لڑکے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا ۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد میں موبائل فون نہ ملنے پر 20 سالہ لڑکی نے موت کو گلے لگا لیا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ متوفیہ نے ماں باپ سے کئی بار موبائل فون دلوانے کا کہنا تھا تاہم معاشی حالات کے باعث ماں باپ جواں سال بیٹی کی خواہش پوری نہ کرسکے تھے ، پولیس نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ لڑکی کے والدین نے کسی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا تھا اور لڑکی کے والدین بغیر کسی قانونی کارروائی کے بیٹی کی لاش گھر لے گئے تھے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں