جمہوریت جیتنے والوں کے مینڈیٹ کا احترام سکھاتی ہے، شکست کھانے والوں کو عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا ہو گا‘ خرم دستگیر خان ،انتخابی اصلاحات کے نام پر دھرنے اور جلسے شکست خوردہ عناصر کاڈھونگ ہے ،حکومت نے انتخابی اصلاحات سے کبھی انکار نہیں کیا ‘ وفاقی وزیر

پیر 29 ستمبر 2014 20:33

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جمہوریت جیتنے والوں کے مینڈیٹ کا احترام سکھاتی ہے، 2013ء کے الیکشن میں شکست کھانے والوں کو بہرحال عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا ہو گا ،عوام کا مطالبہ بجلی گیس امن اور روزگار ہے انتخابی اصلاحات کے نام پر دھرنے اور جلسے شکست خوردہ عناصر کاڈھونگ ہے ،حکومت نے انتخابی اصلاحات سے کبھی انکار نہیں کیا ۔

ان خیالات کا ظہار انہوں نے انجمن تاجران وولن ہوزری مارکیٹ کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلاف کے باوجود جیتنے والوں کے مینڈیٹ کا احترام سکھاتی ہے آزادی،تبدیلی اور انتخابی اصلاحات کے نام پر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والوں کو انجمن تاجران وولن ہوزری مارکیٹ کے لوگوں سے جمہوری رویے سیکھنے کی ضرورت ہے جہاں ہارنے والوں نے خندہ پیشانی سے اپنی شکست تسلیم کر کے جیتنے والوں کو ہار پہنائے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی جمہوری حکومت نے پچھلے ڈیڑھ ماہ سے کڑی تنقید اور بے سروپا الزامات کو صبر وتحمل کے ساتھ برداشت کیا ہے لیکن خیبر پختونخواہ کو ان کے حال پر چھوڑ کرجلسے جلوسوں اور دھرنوں پر اپنا اور قوم کا وقت ضائع کرنے والے لوگ اپنے غیرسنجیدہ رویے سے ملک کا ہر روز نقصان کر رہے ہیں اورپاکستان کو اسکی منزل سے دور لے جا رہے ہیں عوام نے دیکھ لیا ہے کہ نیا پاکستان بنانے اور انقلاب لانے کے دعوے دار اصل میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے خدمت کے ایجنڈے کی راہ میں دیوار کھڑی کرنا چاہتے ہیں لیکن انکے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے ۔

ایم پی اے چوہدری اشرف علی انصاری نے کہا کہ دوجعلی انقلابی آزادی کے نام پر فحاشی عریانی اور بے حیائی کو فروغ دے کر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں ملک کیلئے آسمان سے تارے توڑ کر لانے کے دعوے کرنے والوں کا اپنا صوبہ سخت تنزلی کا شکا رہے۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں