چیف سیکرٹری کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ،رانا ثناء اللہ کو 28 جون کو پیش ہونے کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ کی حاضری سے استثٰی کی درخواست مںظور کر لی

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 29 مئی 2023 11:43

چیف سیکرٹری کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ،رانا ثناء اللہ کو 28 جون کو پیش ہونے کا حکم
گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء) چیف سیکرٹری پنجاب اور اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ،عدالت نے رانا ثناء اللہ کو 28 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیف سیکرٹری پنجاب اور اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست کی گئی،عدالت نے رانا ثناء اللہ کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کر لی، انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر وزیر داخلہ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا،عدالت نے کیس کی سماعت 28 جون تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں اگست 2022ء میں مسلم لیگ ق کے مقامی رہنما کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا،ایف آئی آر میں چیف سیکرٹری پنجاب اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام لگایا گیا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر انسداد دہشت گردی عدالت نے گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمے میں ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے اور پولیس کو انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں وزیر داخلہ نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی تھی۔ گجرات پولیس نے اخراج مقدمہ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی تھی تاہم عدالت نے پولیس کی رپورٹ خارج کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے تفتیشی افسر،متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی انویسٹی گیشن کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا تھا۔جبکہ آج سماعت کے دوران عدالت نے رانا ثناء اللہ کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 28 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں