مقدمات بھگت لیں گے مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی، عمر ایوب

کچے کے ڈاکوؤں سے زیادہ زہریلے پکے کے ڈاکو ہیں، مجھے الیکشن نظر آرہا ہے عوام اٹھ کھڑے ہوں۔ اپوزیشن لیڈر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 8 جون 2024 15:53

مقدمات بھگت لیں گے مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی، عمر ایوب
گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون 2024ء ) پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مقدمات بھگت لیں گے مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں سے زیادہ زہریلے پکے کے ڈاکو ہیں، 450 ارب کھاجاؤ اورکہو پوچھ گچھ بھی نہ ہو، بجٹ میں کیا پیش کریں گے؟ جو مہنگائی آرہی ہے آپ سوچ نہیں سکتے، آزاد کشمیر کو 3 ارب نہیں دیئے وہاں جو ہوا دنیا نے انگلیاں اٹھائیں، وہاں جس طرح ہوا پاکستان میں بھی وہی ہوگا، عمران خان، بشریٰ بی بی اور شاہ محمودسمیت سب کو رہا کیا جائے، ہم مقدمات بھگت لیں گے مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مجھے الیکشن نظر آرہا ہے، عوام اٹھ کھڑے ہوں۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کیا تحریک انصاف سے تعلق جرم ہے، یہ کون سا قانون ہے، ہاوس کی انفارمیشن کیلئے سٹیٹ کی آئین میں درج تعریف ایوان میں پیش کر رہا ہوں، ارکان پارلیمنٹ بھی سٹیٹ کا حصہ ہیں، بطور ممبر قومی اسمبلی میں بھی سٹیٹ ہوں،مجھے ایف آئی اے کا نوٹس آتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ ہوئی ہے، ایسے ہی نوٹس بیرسٹر گوہر اور روف حسن کو بھی بھیجے گئے۔

(جاری ہے)

عمر ایوب نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو بلا کر پوچھیں ایسی زبان کا نوٹس دیا جاسکتا ہے؟ ایف آئی اے کا ایک سب انسپکٹر کیسے نوٹس جاری کر سکتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں کوئی سہولتیں نہیں دی گئیں ہیں،اسی طرح ہماری خاتون رہنماءعالیہ حمزہ، صنم جاوید کی روبکار تیار ہے لیکن انہیں رہا نہیں کیا جا رہا، سپرنٹنڈنٹ کہتا ہے مجھ پر اوپر سے پریشر ہے، سرگودھا میں میرے اور ہمارے ورکرز کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں جب ہمارے ورکر رہا ہو کر جیل سے باہر آتے ہیں تو دوبارہ انہیں کسی نئے مقدمے میں نامزد کر کے گرفتار کرلیا جاتا ہے، ملک میں کب تک ایسی لاقانونیت چلتی رہے گی ،آئین و قانون کی بالادستی سے ملک ترقی کر سکتا ہے ایسے اقدامات سے ہمیں نہ تو ڈرایا جا سکتا ہے اور نہ ہم اپنے مقصد سے پیچھے ہٹیں گےہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں