پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کو رہا کر دیا گیا

سابق ایم این اے کو 15 ماہ بعد رہائی ملی، لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر گوجرانوالہ جیل سے رہائی ملی

muhammad ali محمد علی بدھ 7 اگست 2024 20:02

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کو رہا کر دیا گیا
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2024ء) پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کو رہا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک اںصاف کی خاتون رہنما و سابقہ ایم این اے عالیہ حمزہ کو 15 ماہ بعد رہائی مل گئی۔ انہیں گزشتہ برس 9 مئی واقعات کے بعد لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا جس کے باعث کئی مقدمات میں ضمانت ملنے کے باوجود انہیں رہا کرنے کے بجائے ایک نئے مقدمے میں گرفتاری ڈال دی جاتی تھی۔

اب 15 ماہ کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے بدھ کے روز جاری کیے جانے والے حکم نامے کی بدولت عالیہ حمزہ کو بالآخر رہائی مل گئی، انہیں بدھ کی شام کو گوجرانوالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جیل سے رہائی کے بعد ان کے استقبال کیلئے تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ بھی ان کے استقبال کیلئے پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر گوجرانوالہ جیل سے رہائی ملی لاہور ہائی کورٹ نے رہنما پاکستان تحریک انصاف عالیہ حمزہ کو 29اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ عالیہ حمزہ کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے جائیں۔بعد ازاں عدالت نے حکم دیا کہ کوئی بھی ایجنسی عالیہ حمزہ کو ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کرے گی۔اسی کے ساتھ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔یاد رہے کہ عالیہ حمزہ کے شوہر نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ان کی اہلیہ ہر مقدمے میں ضمانت پر ہیں لہذا عدالت انہیں کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔31جولائی کو گوجرانوالہ کی ڈسٹرکٹ ایند سیشن عدالت نے 9 مئی کے مقدمے میں گرفتار عالیہ حزمہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست منظور کرلی تھی۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں