ریسکیو 1122 عزاداروں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لئے ہائی الرٹ رہے گی، عمر علی اکبر گھمن

پیر 25 ستمبر 2017 22:17

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 گوجرانوالہ عمر علی اکبر گھمن نے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے موقع پر ریسکیو 1122 عزاداروں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری مدد پہنچانے کے لئے ہائی الرٹ رہے گی۔

اس سلسلے میں تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اور ریسکیور اسپیشل ڈیوٹی پر تعینات رہیں گے۔466 کے قریب عملہ 28ایمبولینسز 13 فائر وہیکلز 05سپیشل وہیکلز اور 01 واٹر بوزر کے علاوہ 28 موبائل ریسکیو پوسٹیں ماتمی جلوس کے ساتھ ہونگی۔ ضلع گوجرانوالہ کی تمام تحصیلوں میں بھی عزاداروں کو پلان کے مطابق ایمرجنسی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پلان کو اس طریقے سے ترتیب دیا گیا ہے کے عزاداروں کو موقع پر ہی طبی امداد دی جا سکے اور ضرورت پڑنے پر آسانی کے ساتھ قریبی ہسپتالوں میں منتقل بھی کیا جا سکے ۔ اس موقع پر انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ ایمبولینسز اور فائر وہیکلز کو ترجیحی بنیادوں پر راستہ دیں ۔9 اور 10 محرم کو موبائل سروس کے بند ہونے کی صورت میں عوام PTCL سے 1122 ڈائل کرکے ایمرجنسی کے متعلق اطلاع فراہم کریں۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ریسکیو 1122کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تا کہ ہر قسم کی ہنگامی صورت حال میں فوری امداد حقیقی متاثریں تک بر وقت پہنچائی جا سکے تا کہ کوئی بھی حادثہ سانحہ نہ بن سکے ۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں