میونسپل کارپوریشن کامونکے کی انتظامیہ نے سہولت بازار کے نام پر پنجاب حکومت کو ماموں بنا دیا

بدھ 28 جولائی 2021 15:20

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) میونسپل کارپوریشن کامونکے کی انتظامیہ نے فوڈ سٹریٹ میں پہلے سے موجود سٹالز پر شامیانے لگا کر سہولت بازار کے نام پر پنجاب حکومت کو ماموں بنا دیا،سہولت بازار میں آٹا،چینی،گھی سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء کا نام و نشان تک نہیں۔تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں سہولت بازار لگائے گئے ہیں اس سلسلہ میں صوبہ بھر کی طرح کامونکے میں بھی فوڈ سٹریٹ کو بند کروا کے وہاں پہلے سے موجود فلاورز سٹالز،ریڑھیوں پر شامیانے لگا کر سہولت بازار کا نام دے دیا گیا ہے جبکہ آٹا،چینی گھی سرے سے ہی غائب ہے اور اشیاء ضروریہ پر پنجاب حکومت کی جانب سے ملنے والی سبسڈی مبینہ طور پر میونسپل کارپوریشن کے آفیسران ہڑپ کرتے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم کبھی کبھار کاغذی خانہ پُری کیلئے آفیسران کا طے شدہ وزٹ کروایا جاتا ہے جس دوران عارضی طور پر سہولت بازار میں سٹالز وغیرہ لگا دیئے جاتے ہیں۔سٹی پریس کلب کامونکے کی ٹیم نے سہولت بازار کا دورہ کیا تو وہاں موجود شہریوں نے بتایا کہ وہ آٹا،چینی گھی کے حصول کیلئے متعدد چکر لگا چکے ہیں مگر بارہ بج چکے ہیں ابھی تک سہولت بازار میں کوئی چیز میسر نہیں ہے،عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سہولت بازار کے نام پر فراڈ اور سبسڈی ہڑپ کرنیوالے کرپٹ آفیسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں