ڈپٹی کمشنر کا ضلع کے تمام محکموں کے سربراہان کے ساتھ تعارفی ملاقات

بدھ 13 دسمبر 2017 23:14

گوجرانوالہ ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو نے ضلع کے تمام محکموں کے سربراہان اور افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جو عہدہ اور زمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور جو اختیارات حاصل ہیں وہ اللہ کی دی ہوئی امانت ہیں ، ہم اللہ اور عوام کو جوابدہ ہیں۔ ہم بطور پبلک سرونٹ عوام کے خادم اور نوکر ہیںانگریز دور حکومت کی طرح ان پر حاکم نہیں، ہمارا بنیادی کام اورزمہ داری عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود ہے ۔

لوگو ں کے دلوں میں گھر کرنے کیلئے سرکاری سطح پر دی جانے والی خدمات (سروسز )کی فراہمی میں آسانی اور شفافیت لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے ۔ افسران اور عملہ سائلین کو سرکاری دفاتر میں عزت و احترام دیں اور انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ، دفاتر کے بلاوجہ چکر لگوانے اور رشوت خوری کے مرتکب افسران و ملازمین کو ضلع میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم محکمانہ کوارڈینیشن(روابط ) کو بہتر بنا لیں تو بہت سے مسائل کو جنم لینے سے قبل اور بہتر روابط کی بدولت جلد حل کر سکتے ہیں ۔ تعلیم اورصحت کے شعبے کی بہتری اور ان پر عوام کا اعتماد بحال کرنا میری اولین ترجیح ہیں ان میں کوتاہی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ،اجلاس میں واسا، گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، ہائی ویز ، زراعت ، لائیوسٹاک ،بلڈنگز اورلوکل گورنمنٹ کی صحت، تعلیم ، سیوریج و سنیٹیشن ، روڈز ، پبلک بلڈنگز ، ایمرجنسی سروسز، سپورٹس، پارکس ،دیہی ترقی ، زراعت ، لائیوسٹاک غربت کے خاتمے سمیت دیگر سکیموں کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد جاری سکیموں کی انسپکشن شروع کر رہے ہیں جس میں سکیموں کی مدت تکمیل ، کام کے معیار اور فنڈز کے استعمال سمیت تمام امور کا موقع پر جائزہ لیں گے ، نئی سکیموں کے لیے جاری فنڈز کو بھی مقررہ مدت میں خرچ کرنے اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھی محکمانہ کام فوری شروع کرنے کی ہدایت۔ انہوں نے کہا ہم سب ایک ٹیم ہیں اور شہر یوں کے معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے ۔

افسران جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں اور عوام الناس میں سرکاری سطح پر دی جانے والے خدمات کے حصول کے طریقہ کار کی آگاہی پھیلائیں اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رانی حفصہ کنول ، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای اوز ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹیز ، ڈی ڈی ڈیویلپمنٹ ،جی ڈبلیو ایم سی ، واسا، محکمہ زراعت ،واٹر مینجمنٹ، پبلک ہیلتھ، ہائی ویز ، روڈز ، بلڈنگز ، جی ڈی اے ،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس، کنزیومر پروٹیکشن کونسل، لوکل گورنمنٹ ، لائیوسٹاک اور دیگر محکموں کے سربراہان اور افسران شریک تھے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں